کیا اعلی حضرت نے ولادت کی تاریخ 8 لکھی
فتویٰ946:
بعض لوگ کہتے ہیں کہ اعلی حضرت رحمتہ اللہ علیہ نے ولادت مصطفی ﷺ کی تاریخ 8 ربیع الاول لکھی ہے کیا یہ حقیقت ہے؟
سائل : ڈاکٹر محمد اظہر
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
بعض افراد دوسروں کو گمراہ کرنے کے لئے جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں اور اپنی جہالت کا ثبوت دیتے ہوئے بزرگوں کی طرف غلط باتیں منسوب کرتے ہیں۔ دراصل اعلی حضرت رحمتہ اللہ علیہ نے ولادت مصطفی ﷺ کی تاریخ کے بارے میں مختلف اقوال نقل کیے اور پھر 8 اور 12 ربیع الاول پر دلائل قائم کر کے ان کو معتبر قرار دیا اور پھر 8 ربیع الاول کو ایک وجہ سے اور 12 کو کئی وجوہات کی بنا پر ترجیح دے کر 12 پر عمل کرنے کا حکم فرمایا۔ جو لوگ یہ اعتراض کرتے ہیں ہم انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ آپ کے نزدیک اگر 8 کا قول درست ہے تو آپ 8 کو ہی میلاد منالیا کریں مگر دوسروں کو 12 کو منانے سے نہ روکیں۔ فتاوی رضویہ میں ہے: ” اقول: (میں کہتا ہوں) ہم نے حساب لگایا تو حضور اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی ولادت اقدس والے سال محرم کا غرہ وسطیہ ( آغاز ) جمعرات کے روز پایا تو اس طرح ماہ ولادت کریمیہ کا غرہ وسطیہ بروزاتوار اور غرہ ہلالیہ بروز پیر ہوا اس طرح پیر کے روز ماہ ولادت مبارکہ کی آٹھ تاریخ بنتی ہے۔ “
(فتاوی رضویہ ، جلد 26، صفحه 412)
اسی میں ہے: ” سائل نے یہاں تاریخ سے سوال نہ کیا اس میں اقوال بہت مختلف ہیں، دو، آٹھ ، دس، بارہ، سترہ، اٹھارہ، بائیس، سات قول ہیں مگر اشہر واکثر وماخوز و معتبر بارہویں ہے۔ مکہ معظمہ میں ہمیشہ اسی تاریخ مکان مولد اقدس کی زیارت کرتے ہیں۔“
(صفحہ 411)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
03 ربیع الاول 1445 ھ/20 ستمبر 2023ء