پیسے کو دین و ایمان بنارکھا ہے
فتویٰ832:
بعض لوگ بول چال میں کہتے ہیں کہ فلاں شخص نے پیسے کو دین و ایمان بنارکھا ہے ایسا کہنا کیسا ؟
سائل : عبد الغنی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
یہ جملہ کہ ”فلاں نے پیسے کو دین و ایمان بنارکھا ہے “ بطور محاورہ بولا جاتا ہے اور اس کی مراد یہ ہوتی کہ اصل مقصد مال کمانے کو بنا رکھا ہے ، باقی چیزوں کی پرواہ نہیں، یہاں چونکہ دین وایمان اصل معنی میں نہیں اس لئے یہ کفر نہیں لیکن اس طرح کا محاورہ نہ بولا جائے کہ اس میں عام آدمی کو شبہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہاں یہ یاد رہے کہ کسی کے پیٹھ پیچھے اس کے عیب کا بطور برائی تذکرہ غیبت ہے اور غیبت حرام ہے اور اس جملے میں غیبت کا پہلو بھی ہے لہذا اس اعتبار سے کسی معین شخص کے لئے یہ جملہ بولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ امیر اہلسنت سے چند محاوروں سے متعلق سوال ہوا جس میں دین کا لفظ استعمال ہوا اور اس میں یہ بھی تھا کہ فلاں تو نہ دین کا ہے نہ دنیا کا کہنا کیسا تو جو ابا ارشاد فرمایا: ” مذکورہ جملے عموماً لوگوں میں محاورۃ استعمال کئے جاتے ہیں جو کہ کفر نہیں کیونکہ ان سے مراد یہ ہوتی ہے کہ میں کسی کام کا نہیں ہوں یعنی نکما ہوں۔ ۔ الخ “
(کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب، صفحہ 574)
و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
05 جمادى الاخر 1445 ھ/ 19 دسمبر 2023ء