پاؤں کے نشانات سے چور کا پتہ لگانا کیسا
سوال: کچھ لوگ پاؤں دیکھ کر چور کا پتہ لگاتے ہیں، اسلام میں اسکی کیا حیثیت ہے، کیا اس بنیاد پر کسی کو چور کہہ سکتے ہیں
User id: Muhammad Shoib Soha
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت کا شرعی حکم یہ ہے کہ پاؤں کے نشانات کے ذریعے کسی مسلمان پر چوری کا الزام لگانا ناجائز اور گناہ ہے۔ شریعت مطہرہ میں چوری ثابت ہونے کے صرف دو طریقے ہیں:(1) چور خود اقرار کرے۔ (2) شرعی گواہوں کی گواہی سے چوری ثابت ہو۔ البتہ پاؤں کے نشانات کو تحقیق و تفتیش میں بطور معاون استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تنویر الابصار میں ہے: “(فیقطع ان اقر بھا مرۃ۔۔۔اوشھد رجلان) فلایقبل رجل وامرأتان للقطع بل للمال” ترجمہ: پس ہاتھ کاٹا جائے گا اگر چور اس کا ایک مرتبہ اقرار کر لے ۔۔۔ یا دو مرد گواہی دے دیں۔ پس ہاتھ کاٹنے کے لیے ایک مرد اور دو عورتوں کی گواہی کو قبول نہیں کیا جائے گا، بلکہ مال کے لیے (قبول کیا جائے گا یعنی مال کا تاوان دلایاجائے)۔”
(رد المحتار علی الدر المختار، کتاب السرقۃ، جلد6، صفحہ138، مطبوعہ مکتبہ رحمانیہ)
بہار شریعت میں ہے: “چوری کے ثبوت کے دو طریقے ہیں ایک یہ کہ چور خود اقرار کرے اور اس میں چند بار کی حاجت نہیں صرف ایک بار کافی ہے۔ دوسرا یہ کہ دو مرد گواہی دیں اور اگر ایک مرد اور دو عورتوں نے گواہی دی تو قطع نہیں مگر مال کا تاوان دلایاجائے۔”
(بہار شریعت، چوری کی حد کا بیان، جلد2 الف، حصہ9، صفحہ415، مسئلہ2، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
27 ربیع الآخر 1448ھ 10 اکتوبر 2026ء