ٹریول ایجنٹ کا ہوٹل کے اجیر کو کمیشن دینا

ٹریول ایجنٹ کا ہوٹل کے اجیر کو کمیشن دینا

فتویٰ756:

بعض ٹریول ایجنٹ دوسرے ممالک میں پورے سال کے لئے ہوٹل کی بکنگ کرواتے ہیں چونکہ مالک تک رسائی ممکن نہیں ہوتی تو ہوٹل کا مینیجر یا کوئی اجیر کمیشن لے کر اس کام میں ٹریول والوں کی معاونت کرتا ہے تو ان کو کمیشن دینا کیسا؟

سائل : حمادرضاپاشاٹریولز

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

ہوٹل کا مینیجر یا کوئی اجیر بھاگ دوڑ کر کے ٹریول والوں کی ڈیل اصل مالک سے کرواتا ہے تو عرف کے مطابق کمیشن طے کر کے دینا جائز ہے لیکن اس اجیر پر لازم ہو گا کہ وہ اجارے کے وقت میں یہ کام نہ کرے کہ اجیر خاص اجارے کے وقت میں کسی اور کا اجیر نہیں ہو سکتا اور نہ ہی ٹریول والوں کی نمائندگی کرے یعنی دونوں پارٹیوں کا سودا کروا دے مگر سودا کرتے وقت ٹریول والوں کی طرف سے ڈیل نہ کرے۔ اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: اگر بائع کی طرف سے محنت و کوشش و دوا دوش میں اپنا زمانہ صرف کیا تو صرف اجر مثل کا مستحق ہو گا، یعنی ایسے کام اتنی سعی پر جو مزدوری ہوتی ہے اس سے زائد نہ پائے گا اگر چہ بائع سے قرار داد کتنے ہی زیادہ کا ہو۔ “

(فتاوی رضویہ، جلد 19 ، صفحہ 453)

در مختار میں ہے: ” وليس للخاص ان يعمل لغيره “ ترجمہ: اجیر خاص کے لئے جائز نہیں کہ وہ (اجارے کے وقت میں ) دوسرے کے لئے کام کرے۔

(در مختار، صفحه 583)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

18 صفر المظفر 1445ھ/ 05 ستمبر 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں