مزار پر حاضری کا طریقہ
فتویٰ938:
اعلی حضرت رحمتہ اللہ علیہ نے مزار پر حاضری کا جو طریقہ لکھا ہے وہ بتا دیں۔
سائل : محمد احسن مرزا
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اعلی حضرت امام اہلسنت احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” مزارات شریفہ پر حاضر ہونے میں پائنتی (قدموں) کی طرف سے جائے اور کم از کم چار ہاتھ کے فاصلے پر مواجہہ (چہرے کے سامنے) میں کھڑا ہو اور متوسط آواز بادب عرض کرے ” السّلام علیک یا سیدی ورحمۃ اللہ وبرکاتہ “ پھر درود غوثیہ تین بار ، الحمد شریف ایک ، آیتہ الکرسی ایک بار ،سورہ اخلاص سات بار، پھر درود غوثیہ سات بار اور وقت فرصت دے، تو سورہ ، یس اور سورہ ملک بھی پڑھ کر اللہ عزوجل سے دعا کرے کہ الہی ! اس قراءت پر مجھے اتنا ثواب دے جو تیرے کرم کے قابل ہے ، نہ اتنا جو میرے عمل کے قابل ہے اور اسے میری طرف سے اس بندہ مقبول کو نذر پہنچا، پھر اپنا جو مطلب جائز شرعی ہو اس کے لیے دعا کرے اور صاحب مزار کی روح کو اللہ عزوجل کی بارگاہ میں اپنا وسیلہ قرار دے ، پھر اُسی طرح سلام کر کے واپس آئے ، مزار کو نہ ہاتھ لگائے، نہ بوسہ دے اور طواف بالا تفاق نا جائز ہے اور سجدہ حرام۔ “
(فتاوی رضویہ ، جلد 9، صفحہ 522)
والله اعلم عز وجل ورسوله أعلم صلى الله عليه و آله وسلم
ابو البنات فراز عطاری مدنی
16 ربیع الاول 1445ھ/ 03 اکتوبر 2023ء