عورت کا مرد ڈاکٹر سے کان کا علاج کروانا

عورت کا مرد ڈاکٹر سے کان کا علاج کروانا

سوال: کان میں شدید درد اور پیپ آرہی ہو تو عورت مرد ڈاکٹر کو کان چیک کروا کر علاج کرواسکتی ہے؟ کیا حکم شرع ہوگا۔ سائل: ممبر فقہی مسائل گروپ

بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ اگر کوئی ماہر لیڈی ڈاکٹر میسر ہو تو اس سے علاج کروانا چاہیے، کہ کان اعضائے ستر میں داخل ہیں اور مرد کا بالغہ یا قابل شہوت لڑکی کے اعضائے ستر کو دیکھنا اور چھونا جائز نہیں۔ البتہ اگر کوئی ماہر لیڈی ڈاکٹر میسر نہ ہو، تو عورت کسی مرد ڈاکٹر سے صرف مرض والی جگہ ظاہر کرکے علاج کروا سکتی ہے۔

فتح باب العنایۃ بشرح النقایۃ میں ہے: “واذنھا عورۃ بانفرادھا” ترجمہ: اور عورت کا کان الگ الگ(ہر ایک) عورت ہے۔ (فتح باب العنایۃ بشرح النقایۃ، کتاب الصلاۃ، باب شروط الصلاۃ، جلد1، صفحہ218، مطبوعہ دار الارقم بن ابی الارقم)

بہار شریعت میں ہے: “اجنبیہ عورت کی طرف نظر کرنے میں ضرورت کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ عورت بیمار ہے اس کے علاج میں بعض اعضا کی طرف نظر کرنے کی ضرورت پڑتی ہے بلکہ اس کے جسم کو چھونا پڑتا ہے۔ مثلا نبض دیکھنے میں ہاتھ چھونا ہوتا ہے یا پیٹ میں ورم کا خیال ہو تو ٹٹول کر دیکھنا ہوتا ہے یا کسی جگہ پھوڑا ہو تو اسے دیکھنا ہوتا ہے بلکہ بعض مرتبہ ٹٹولنا بھی پڑتا ہے اس صورت میں موضع مرض کی طرف نظر کرنا یا اس ضرورت سے بقدر ضرورت اس جگہ کو چھونا جائز ہے۔ یہ اس صورت میں ہے کوئی عورت علاج کرنے والی نہ ہو، ورنہ چاہیے یہ کہ عورتوں کو بھی علاج کرنا سکھایا جائے تاکہ ایسے مواقع پر وہ کام کریں کہ ان کے دیکھنے وغیرہ میں اتنی خرابی نہیں جو مرد کے دیکھنے وغیرہ میں ہے۔ اکثر جگہ دائیاں ہوتی ہیں جو پیٹ کے ورم کو دیکھ سکتی ہیں جہاں دائیاں دستیاب ہوں مرد کو دیکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ علاج کی ضرورت سے نظر کرنے میں بھی یہ احتیاط ضروری ہے کہ صرف اتنا ہی حصہ بدن کھولا جائے جس کے دیکھنے کی ضرورت ہے باقی حصہ بدن کو اچھی طرح چھپا دیا جائے کہ اس پر نظر نہ پڑے۔” (بہار شریعت، دیکھنے اور چھونے کا بیان، جلد3الف، حصہ16، صفحہ447، مسئلہ28، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی

8 جمادی الاولی 1448ھ 20 اکتوبر 2026ء

اپنا تبصرہ بھیجیں