شام کےوقت صفائی
سوال:شام کے وقت گھر کی صفائی کرنا کیسا؟
مدینہ مدینہ:user id
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
دن ہویارات،بھلے شام کا وقت ہو گھر کی صفائی کرناجائز ہےشرعاًکوئی ممانعت نہیں،صفائی ستھرائی اللہ پاک کو محبوب ہےاور شرعاً اس کے وقت کی تعیین نہیں۔ ہاں بِلاوجہ رات کو جھاڑو دینےسے بچاجائے۔
اللہ پاک ارشادفرماتاہے: اِنَّ اللہَ یُحِبُّ التَّوّٰبِیۡنَ وَیُحِبُّ الْمُتَطَہِّرِیۡنَ،بیشک اللہ بہت توبہ کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے اور خوب صاف ستھرے رہنے والوں کو پسند فرماتا ہے۔
(پارہ2،البقرة: 222)
سنن ترمذی میں ہے،حضرت سعید بن المسیب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:” ان اللہ طیب یحب الطیب نظیف یحب النظافۃ کریم یحب الکرم جواد یحب الجود فنظفوا(اراہ قال)افنیتکم ولا تشبہوا الیہود” اﷲ (عزوجل) طیِّب ہے۔طِیب یعنی خوشبو کو دوست رکھتا ہے، ستھرا ہے ستھرائی کو دوست رکھتا ہے، کریم ہے کرم کو دوست رکھتا ہے،جَوَّاد ہے جُوْدکو دوست رکھتا ہے۔ لہٰذا اپنے صحن کو ستھرا رکھو، یہودیوں کے ساتھ مشابہت نہ کرو۔
(سنن الترمذی،کتاب الأدب،باب ماجاء في النظافۃ،جلد2،صفحہ107،مطبوعہ کراچی)
امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ فرماتےہیں:” شام کی نماز سے مُراد اگر عصر کی نماز ہے تو عصر کے بعد دِن ہوتا ہے اور دن میں جھاڑو نکالنے ( لگانے ) میں بالکل حرج نہیں اور اگر اس سے مغرب کی نماز مُراد ہے تو مغرب کی نماز کے بعد رات ہوجاتی ہے ، اور بزرگانِ دِین رحمۃُ اللہ علیہم نے رات میں جھاڑو نکالنے( لگانے)کوتنگدستی اور غربت آنے کا سبب لکھا ہے۔ ( سنی بہشتی زیور،ص600،ماخوذاً )،البتہ رات کو جھاڑو نکالنا( لگانا)جائزہے۔” (مدنی مذاکرہ،بعدنمازِ عصر ،3رمضان شریف 1441ھ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
5 ربیع الآخر 7144 ھ/ 29 ستمبر 5202 ء