دل کی سختی کی دُعا
سوال:کیایہ دعا کرنا جائز ہے کہ اے اللہ میرے دل کو سخت کردے،جبکہ اس کا اثر بھی محسوس ہو رہا ہو؟
سمیحہ علیم:user id
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
ایسی دعا کرنے کی اجازت نہیں بلکہ اللّٰہ پاک سے دل نرم ہونے کی دعا کی جائے۔ دل کا سخت یا مردہ ہونا یوں کہ گناہوں سے رغبت ہو جائے اور نصیحت دل پر اثر نہ کرے یہ باطنی بیماری ہے۔ قرآن و سنت میں دل کو سخت کرنے والے کاموں سےمنع فرمایاگیااور دل کو نرم کرنے والے کاموں کو کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ عزوجل نےارشادفرمایا:كَلَّا بَلْٚ رَانَ عَلٰى قُلُوْبِهِمْ مَّا كَانُوْا یَكْسِبُوْنَ، (ایسا) ہرگز نہیں(ہے) بلکہ ان کے کمائے ہوئے اعمال نے ان کے دلوں پر زنگ چڑھادیا ہے۔
(پ30،المطففین: 14)
سنن ابن ماجہ میں ہے،حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےفرمایا:”لاتکثروا الضحک فان کثرۃ الضحک تمیت القلب”زیادہ مت ہنسو! کیونکہ زیادہ ہنسنا دِل کو مُردہ (یعنی سخت) کردیتاہے۔ (سنن ابن ماجہ ،ابواب الزہد،باب ذکر الذنوب،صفحہ309،مطبوعہ کراچی)
سنن ابن ماجہ میں ہے،حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےفرمایا:”ان المؤمن اذا اذنب کانت نکتۃ سوداء فی قلبہ فان تاب ونزع واستغفر صقل قلبہ فان زاد زادت فذالک الران الذی ذکرہ اللہ فی کتابہ كَلَّا بَلْٚ- رَانَ عَلٰى قُلُوْبِهِمْ مَّا كَانُوْا یَكْسِبُوْن”مؤمن جب گناہ کرتاہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نکتہ بن جاتاہے پھر اگر وہ توبہ کرے اور (گناہ سے) الگ ہو جائے اور بخشش چاہے تو اس کا دل صاف کر دیا جاتاہے اوراگر (توبہ نہ کرے بلکہ) گناہوں میں زیادتی کا مرتکب ہو تو وہ نکتہ بھی زیادہ ہوجاتا ہے یہ وہی ران یعنی زنگ ہے جس کا اللہ پاک نےاپنی کتاب میں ذکر کیا۔”
(سنن ابن ماجہ ،ابواب الزہد،باب ذکر الذنوب،صفحہ313،مطبوعہ کراچی)
حکایتیں اور نصیحتیں میں ہے:”مروی ہے کہ ایک عورت نے اُم المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ ر ضی اللہ تعالیٰ عنہا سے قساوتِ قلبی(یعنی دل کی سختی)کا ذکر کیا تو آپ ر ضی اللہ تعالیٰ عنہا نے ارشاد فرمایا: ”موت کو کثرت سے یاد کیا کر تیرا دل نرم ہو جا ئے گا۔”
(حکایتیں اور نصیحتیں،صفحہ54،مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
4 ربیع الآخر 7144 ھ/ 28 ستمبر 5202 ء