حضور علیہ السلام کی مبارک نسل حسن و حسن رضی اللہ عنہما سے چلی
سوال:نواسے اپنی والدہ کےخاندان سے مانےجائیں گے یا والد کے خاندان سے ؟ امام حسن و حسین رضی اللہ عنہما حضور کی اولاد شمار ہو گی ؟
user id:abuhanifa
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
عموماًاولاد کی نسبت باپ ہی کی طرف کی جاتی ہے اور اولاد باپ کے خاندان سے شمار ہوتی ہےعند اللہ یہی انصاف ہے۔مگر حضور نبی کریم علیہ الصلاۃ والسلام کی خصوصیت ہے کہ خصوصاً آپ کی شہزادی سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی اولاد حضور کی اولاد شمار ہوئی اور اللہ پاک نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک نسل آپ کے دونوں نواسوں امام حسن و حسین رضی اللہ عنہما سے جاری کی۔حضور نےدونوں شہزادوں کو اپنابیٹا قرار دیا۔ اللہ پاک نے فرمایا: اُدْعُوْهُمْ لِاٰبَآىٕهِمْ هُوَ اَقْسَطُ عِنْدَ اللّٰهِۚ- انہیں ان کے حقیقی باپ ہی کا کہہ کر پکارو، یہ اللہ کے نزدیک زیادہ انصاف کی بات ہے۔ (الاحزاب،الآیۃ:5)
نبی کریم علیہ السلام نےفرمایا:”کل بنی آدم ینتَمون الی عصبۃ الاولد فاطمۃ فانا ولیہم وانا عصبتہم “یعنی تمام انسان اپنے ددھیال کی طرف منسوب ہوتے ہیں سوائے فاطمہ کی اولاد کے ، کیونکہ ان کا ولی اور سرپرست میں ہوں۔
( کنزالعمال ، جز6 ، 12 / 53 ، حدیث :34261)
اورارشادفرمایا:”ابنی ہذا سید “یعنی میرایہ بیٹا(حسن)سردار ہے۔
(بخاری ، 2 / 509 ، حدیث : 3629)
مزید ارشادفرمایا:”ہذان ابنای “یہ دونوں(یعنی حسن اورحسین) میرے بیٹے ہیں۔ (ترمذی،5 / 427 ،حدیث : 3794)
مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:” خیال رہے کہ حضرت فاطمہ رضی الله عنہا کی یہ خصوصیت ہے کہ آپ کی اولاد حضور(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)کی نسل ہے اس سے حضور کی نسل چلی گویا حسن و حسین(رضی اللہ عنہما)حضور( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)کی نسل بھی ہیں اور نسل کی اصل بھی ، ورنہ نسب باپ سے ہوتا ہے نہ کہ ماں سے۔ ” (مرآۃ المناجیح،ج8،ص393،قادری پبلشرز لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
1 صفر المظفر7144 ھ/27 جولائی 5202 ء