بھنگ پینا کیسا
فتویٰ701:
بھنگ پینا کیسا؟
سائل : خواجہ حسان
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
بھنگ کو بطور نشہ استعمال کرنا حرام ہے ، اسی طرح بطور شوق و عادت کے پینا اگرچہ کم مقدار میں ہو جائز نہیں البتہ علاج کی غرض سے کسی نسخے میں قلیل مقدار میں استعمال کرنا جس سے نشہ نہ ہو ضرورت کی بنا پر جائز ہے۔ امام احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” نشہ بازی بنگ یا افیون کسی بلا سے ہو مطلقا کبیرہ (گناہ) ہے۔ اشیاء جن کی خشکی میں نشہ ہے، ان کا نشہ حرام ہے۔“
(فتاوی رضویہ ، جلد 25، صفحه 207)
اسی جلد میں ہے: ”شوق کی راہ سے بطورِ مشغلہ کھانا جس طرح عام کھانے والے اپنے پیچھے لت لگا لیتے ہیں ، مطلقا جائز نہیں، اگر چہ نشہ نہ کرے، اگر چہ بوجہ اپنی قلت کے اس قابل ہی نہ ہو۔ کھانے والے کی خاص نیت سے خدا کو خبر ہے، بعض دوا کا نرا بہانہ ہی کرتے ہیں ، انہیں مفتی کا فتویٰ نفع نہ دے گا۔ “
(فتاوی رضویہ ، جلد 25، صفحہ 77،78)
بہار شریعت میں ہے: ” اور اگر کمی کے ساتھ اتنی استعمال کی گئی کہ عقل میں فتور نہیں آیا جیسا کہ بعض نسخوں میں افیون قلیل جز ہوتا ہے کہ فی خوراک اس کا اتنا خفیف جز ہوتا ہے کہ استعمال کرنے والے کو پتا بھی نہیں چلتا کہ افیون کھائی ہے اس میں حرج نہیں۔ “
(بہار شریعت ، جلد 3، صفحہ 673)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
25 ذو القعد ہ1444ھ/15 جون 2023ء