امام زین العابدین کی واقعہ کربلا کےوقت عمر اور تاریخ وصال
سوال:واقعہ کربلا کے وقت امام زین العابدین کی عمر مبارک کتنی تھی اور بعد میں آپ نے کتنے سال تک عمر پائی ؟
سائل:ولیداحمد
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
حضرت امام علی زین العابدین رضی اللّٰہ عنہ 38 ہجری میں پیدا ہوئے اور واقعہ کربلا 61 ہجری کو ہوا گویا آپ کی اس وقت تقریباً 23 سال عمر تھی اور وصال 94 ہجری میں ہوا ٹوٹل 56 سال عمر پائی۔ واقعہ کربلا کے بعد مزید 33 سال ظاہری حیات سے متصف رہے۔
سيرأعلام النبلاء میں ہے:”علي ابن الحسين ابن الأمام بن أبي طالب بن عبد المطلب بن هاشم بن عبد مناف السيد الإمام زين العابدين الهاشمي العلوي المدني يكنى أبا الحسين ويقال أبو الحسن -ولد في سنة ثمان وثلاثين ظنا. وحدث عن أبيه الحسين الشهيد وكان معه يوم كائنة كربلاء وله ثلاث وعشرون سنة — وكان يومئذ موعوكا فلم يقاتل ولا تعرضوا له — وكان يسمى زين العابدين لعبادته. — مات في رابع عشر ربيع الأول ليلة الثلاثاء سنة أربع وقال أبو نعيم وشباب وتوفي سنة اثنتين وتسعين وقال معن بن عيسى سنة ثلاث وقال يحيى بن بكير سنة خمس وتسعين والأول الصحيح – قلت قبره بالبقيع ولا بقية للحسين إلا من قبل ابنه زين العابدين ” یعنی حضرت علی بن امام حسین رضی اللہ عنہما کی ولادت38سن ہجری کو مدینۂ منورہ میں ہوئی۔ آپ کی کنیت ابوالحسین،ابوالحسن وغیرہ ہے۔ جوانی میں بعمر 23سال اپنے والد بزرگوار کےساتھ سانحۂ کربلامیں موجود تھے شدید بخار اور نقاہت کے سبب قتال نہ فرمایا اور نہ ہی یزیدی آپ کے درپے ہوئے۔کثرتِ عبادت کے سبب سجّاد اور زین العابدین (یعنی عبادت گزاروں کی زِینت) کے لقب سے مشہور ہوئے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے14 ربیع الاوّل منگل کی رات 94 سن ہجری کو 56سال کی عمرمیں اس دارِ فانی سے کوچ فرمایا، مزار مبارک جنۃ البقیع میں ہے۔
(سير أعلام النبلاء ،جلد5،صفحہ227 – 235،دارالحدیث قاہرہ مصر)
سانحۂ کربلاو شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کی تاریخ بیان کرتےہوئے صدرالافاضل علیہ الرحمہ لکھتےہیں:”محرم 61ھ کی دسویں تاریخ جمعہ کے روز 56سال 5ماہ 5دن کی عمر میں حضرت امام رضی اللہ تعالی عنہ نے اس دارناپائیدار سے رحلت فرمائی اورداعئ اجل کو لبیک کہی۔”
(سوانح کربلا، صفحہ170،مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
8 محرم الحرام 8144ھ/24 جون 6202 ء