امام حسین رضی اللہ عنہ کاجنازہ
سوال:کیا امام حسین کی نماز جنازہ ہوئی تھی اور کس نے پڑھائی؟
سائل:کلیم بلوچ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے کوئی معتبر روایت نہیں کہ آپ کا جنازہ کس نے پڑھایا ہاں کتب تاریخ میں اتنا لکھاہے کہ شہادت کے اگلے دن مقام غاضریہ کے رہنے والے بنی اسد کے لوگوں نے تدفین کی۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ سلیمان بن عبد الملک نے خزانہ یزید میں امام عالی مقام رضی اللّٰہ عنہ کا سر انور دیکھا تو کفن دے کر ساتھیوں کے ساتھ مل کر جنازہ پڑھا۔
تاریخ الامم والملوک اور البدایہ والنہایہ میں ہے:” فقتل من اصحاب الحسين عليه السلام اثنان وسبعون رجلا ودفن الحسين واصحابه اهل الغاضرية من بنی اسد بعد ما قتلوا بيوم “امام حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھیوں میں بہتر(72) افراد شہید ہوئے۔ ان کے شہید ہونے کے ایک دن بعد مقام غاضریہ میں جو بنی اسد کے لوگ رہتے تھے انہوں نے مل کر ان لوگوں کو دفن کیا۔ (تاريخ الامم والملوک،للطبری، جلد3 ،صفحہ 335، دار الکتب العلميۃ بيروت،البدایہ والنہایہ،جلد 8 ، صفحہ189، مکتبۃ المعارف بيروت)
علامہ ابن حجر ہتیمی مکی صواعق محرقہ میں فرماتے ہیں:”لأن سليمان بن عبد الملك رأى النبي صلى الله عليه وسلم في المنام يلاطفه ويبشره فسأل الحسن البصري عن ذلك فقال لعلك صنعت إلى آله معروفاقال نعم وجدت رأس الحسين في خزانة يزيد فكسوته خمسة أثواب وصليت عليه مع جماعة من أصحابي وقبرته فقال له الحسن هو ذلك سبب رضاه صلى الله عليه وسلم عليك “سلیمان بن عبد الملک نے حضورپاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خواب میں زیارت کی کہ آپ لطف و مہربانی فرما رہے ہیں اوربشارت دے رہے ہیں صبح سلیمان بن عبدالملک نے حضرت امام حسن بصری علیہ الرحمہ سے اس کی تعبیر پوچھی انہوں نے فرمایا شاید تونےرسول پاکعلیہ الصلاۃ والسلام کی آل کے ساتھ کوئی بھلائی کی ہے۔تو سلیمان بن عبدالملک نے کہا ہاں! میں نےحضرت حسین کے سر مبارک کو خزانہ یزید میں دیکھا تو میں نے ان کو پانچ کپڑوں کا کفن پہنایا اوراپنے ساتھیوں کے ساتھ ان پر نماز جنازہ پڑھی اور انہیں قبر میں دفن کر دیا تو حسن بصری نےفرمایا یہی وجہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تجھ سے اظہار رضا مندی فرمایا ہے یعنی یہی تیرا کام حضورپاک علیہ السلام کی رضا مندی کا سبب ہوا ہے۔
(الصواعق المحرقہ:جلد2،صفحہ580،مؤسسۃ الرسالۃ لبنان)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
7 محرم الحرام 8144ھ/23 جون 6202 ء