وارِث کا مورِث کوقتل کرنا

وارِث کا مورِث کوقتل کرنا

سوال:بیٹے نے باپ کو قتل کر دیاتوکیابیٹا وراثت سے محروم ہوگا؟

سائل:احمد رضا

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اگرعاقل بالِغ وارث نے اپنے مُورث کو اس طور پر قتل کردیا کہ قتل کےسبب قصاص یا کفارہ لازم آئے تو وارث وراثت سے محروم ہوجائےگا۔لہذا بیٹے کے باپ کو قتل کرنےپرقصاص یا کفارہ لازم ہو تو بیٹا وراثت سے محروم ہوگا۔

بہارشریعت میں ہے:”مورث کا(یعنی میت کا)قاتل ہونا۔ اس سے مراد ایسا قتل ہے جس کی وجہ سے قاتل پر قصاص یا کفارہ واجب ہوتا ہو۔

(بہارشریعت،ج3،حصہ20،ص1112،مکتبۃ المدینہ)

خلاصۃ الفرائض میں ہے:”قتلِ مُوْرِث یعنی عاقل بالغ وارِث کا ناحق اپنے مُوْرِث کواِس طورپرقتل کردینا جس پر قِصَاص یا کَفَّارہ لازم آتاہے۔ – قتل کی پانچ قسمیں ہیں: ١۔قتلِ عمد: کسی دھار دار آلے مثلاً چھری یا خنجر وغیرہ سے قصدًا قتل کرنا۔ ٢۔قتلِ شبہِ عمد: اسلحہ یااس کے قائم مقام کے علاوہ کسی چیز مثلاً لاٹھی یا پتھرسے قصدًا قتل کرنا۔ ٣۔قتلِ خطا: گمان یا فعل میں خطا کی بنا پر قتل کرنا مثلاًکسی مسلمان کو شکار یا حربی یا مرتد سمجھ کر قتل کردیا، یا نشانہ پرتو شکار یا دیوار کو لیا مگر ہاتھ بہک گیا یا کسی اور وجہ سے گولی وغیرہ کسی آدمی کو جالگی اور وہ مرگیا۔ ٤۔قتلِ شبہِ خطا: ایسا قتل جس میں قاتل کے فعل اختیاری کو دخل نہ ہو مثلاً سوتے میں یا چھت سے کسی پر گر پڑا اور وہ مرگیا۔ ٥۔قتل بالسبب:ایسا قتل جس کا سبب مذکورہ بالا صورتوں کے علاوہ قاتل کا فعل ہو مثلاً کسی نے دوسرے کی مِلْک میں کنواں کھودا یا راستے میں پتھر یا لکڑی رکھ دی اور کوئی شخص کنویں میں گرکریا پتھر یا لکڑی سے ٹھوکر کھاکر مرگیا۔ اِن میں سے پہلی چارقسموں میں قاتل وارث اپنے مقتول مُوْرِث کی وراثت سے محروم کر دیا جائے گا۔”

(خلاصۃ الفرائض مع حاشیہ،صفحہ 13,14،مکتبۃ المدینہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

4 ربیع الآخر 7144 ھ/ 28 ستمبر 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں