امام نےآہستہ کےبجائےبلندقراءت کی
سوال:اگرامام نےفرض کی تیسری یاچوتھی رکعت میں بلند آواز سے قراءت کی تو کیاحکم ہے؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
جن ر کعات میں آہستہ پڑھناواجب ہے اگرامام نے بلند آواز سے اتنی تلاوت کی کہ جس سے نماز درست ہو یعنی ایک آیت تو سجدہ سہو واجب ہوگا اور اس سے کم مثلاًایک کلمہ بلندآواز سے پڑھاتوکوئی حرج نہیں۔اگر سجدہ سہو نہ کیا یا اُتنی مقدار میں قصداً بلندآواز سے پڑھاتونماز دُہرانا واجب ہے۔
درمختار میں ہے:” تجب سجدتان بترک واجب سھواکالجھر فیما یخافت فیہ وعکسہ والاصح تقدیرہ بقدرما تجوز بہ الصلٰوۃ فی الفصلین ” سہواً ترکِ واجب سے دو سجدے لازم آتے ہیں مثلاً سری نماز میں جہراً قرأت کرلے یا اس کا عکس ،اور اصح یہی ہے کہ دونوں صورتوں میں اتنی قرأت سے سجدہ لازم ہوجائے گا جس سے نماز ادا ہوجاتی ہو۔
(دُرمختارمع ردالمحتار،باب سجودالسہو،ج2،ص81،دارالفکربیروت)
فتاوی ہندیہ میں ہے:”لا یحب السجود فی العمد و انما یجب الاعادۃ جبرا لنقصانہ “جان بوجھ کرواجب چھوڑنےسے سجدہ سہو واجب نہیں بلکہ اس کے نقصان کو پورا کرنے کے لئے نماز کا اعادہ ضروری ہے۔
(فتاوٰی ہندیہ، الباب الثانی فی سجود السہو،ج1،ص126،دارالفکربیروت)
سیدی اعلی حضرت علیہ رحمۃ رب العزت فرماتےہیں:”اگر امام اُن رکعتوں میں جن میں آہستہ پڑھنا واجب ہے جیسے ظہر و عصر کی سب رکعات اور عشاء کی پچھلی دو اور مغرب کی تیسری اتنا قرآن عظیم جس سے فرض قرأت ادا ہو سکے(اور وُہ ہمارے امام اعظم رضی اﷲ تعالٰی عنہ کے مذہب میں ایک آیت ہے) بھول کر بآواز پڑھ جائیگا تو بلاشبہ سجدہ سہو واجب ہوگا، اگر بلا عذرِشرعی سجدہ نہ کیا یا اس قدر قصداً بآواز پڑھا تو نماز کا پھیرنا واجب ہے،اور اگر اس مقدار سے کم مثلاً ایک آدھ کلمہ بآوازِ بلند نکل جائے تو مذاہب راجح میں کچھ حرج نہیں۔”
(فتاوی رضویہ،جلد6،مسئلہ نمبر:455،رضافاؤنڈیشن لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
2 ربیع الآخر 7144 ھ/ 26 ستمبر 5202 ء