بات بات پر قسم کھانا

بات بات پر قسم کھانا

سوال:کیااللہ پاک کایہ فرمان:”اورہرایسےآدمی کی بات نہ سننا جو بڑا قسمیں کھانے والا، ذلیل۔”صرف کفار کیلئےیامسلمان کےبارےیہی حکم ہے؟

سائل:عبداللہ عمر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اگرچہ اس آیت مبارکہ کاتعلق ایک خاص واقعہ کےساتھ ہے مگر علماء کرام نے اسی آیت کی روشنی میں بات بات پر قسم کھانےسےمنع فرمایاہے،ایسا کرنےسے آدمی کی وقعت اور اعتبار ختم ہوتاہے ۔لہذازیادہ قسمیں کھانےکی عادت درست نہیں۔

صراط الجنان میں ہے:”اس آیت سے ان مسلمانو ں کو بھی نصیحت حاصل کرنی چاہئے کہ جو بات بات پر اللّٰہ تعالیٰ کی یا قرآن کی قسمیں اٹھانا شروع کر دیتے ہیں اور بسا اوقات جھوٹے ہونے کے باوجود بھی کثرت کے ساتھ قسمیں کھاتے نظر آتے ہیں تاکہ کسی طرح ان کی بات کو سچ مان لیا جائے اور ان کے ا س عمل کی وجہ سے لوگوں کی نظروں میں ان کی جو عزت اور مقام بنتا ہے وہ سب اچھی طرح جانتے ہیں ۔زیادہ قسمیں کھانے اور قسموں کو دھوکا دینے اور فساد برپا کرنے کا ذریعہ بنانے سے منع کرتے ہوئے اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:’’وَ لَا تَجْعَلُوا اللّٰهَ عُرْضَةً لِّاَیْمَانِكُمْ‘‘(بقرہ:224)ترجمہ: اور اپنی قسموں کی وجہ سے اللّٰہ کے نام کو آڑ نہ بنالو۔اور ارشاد فرماتا ہے: ’’وَ لَا تَتَّخِذُوْۤا اَیْمَانَكُمْ دَخَلًۢا بَیْنَكُمْ ‘‘(نحل:94)ترجمہ: اورتم اپنی قسموں کو اپنے درمیان دھوکے اور فساد کا ذریعہ نہ بناؤورنہ قدم ثابت قدمی کے بعد پھسل جائیں گے اور تم اللّٰہ کے راستے سے روکنے کی وجہ سے سزا کا مزہ چکھو گے اور تمہارے لئے بہت بڑا عذاب ہوگا۔اورقسموں کے بدلے دنیا کا ذلیل مال لینے والوں کے بارے ارشاد فرماتا ہے:”اِنَّ الَّذِیْنَ یَشْتَرُوْنَ بِعَهْدِ اللّٰهِ وَ اَیْمَانِهِمْ‘‘(آل عمران:77)ترجمہ: بیشک وہ لوگ جو اللّٰہ کے وعدے اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی سی قیمت لیتے ہیں ، اِن لوگوں کے لئے آخرت میں کچھ حصہ نہیں اور اللّٰہ قیامت کے دن نہ توان سے کلام فرمائے گااور نہ ان کی طرف نظر کرے گااور نہ انہیں پاک کرے گا اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔اللّٰہ تعالیٰ مسلمانوں کو ہدایت اور عقلِ سلیم عطا فرمائے،اٰمین۔”(تفسیر صراط الجنان،ج10،سورہ قلم،آیت:10،مکتبۃ المدینہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

محمدشاہدحمیدقادری

29 رجب 6144 ھ/30 جنوری 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں