مراقبہ کا طریقہ اور حکم

مراقبہ کا طریقہ اور حکم

سوال:مراقبہ کا کیا طریقہ ہے کیا ہم مراقبہ کرسکتےہیں؟

سائل:چوہدری محمد فیضان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

مراقبہ کا مطلب ہے غور و فکر کرنا اللّٰہ پاک کی طرف متوجہ ہونا ،مراقبہ تمام نیکیوں کی اصل ہے ہرمسلمان کوکرنا چاہیے بندہ یہ یقین کرلے کہ رب تعالٰی مجھے دیکھ رہا ہے میرے اعمال سے باخبر ہے۔

اللہ تعالی ارشادفرماتا ہے:وَ كَانَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ رَّقِیْبًا۔ ترجمۂ کنزالایمان:اور اللہ ہر چیز پر نگہبان ہے۔

(پ22،الاحزاب:52)

صحیح مسلم میں ہے،حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی،نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”الإحسان ان تعبد اللہ کانک تراہ فان لم تکن تراہ فانہ یراک ” ترجمہ:احسان یہ ہے کہ تم اللہ عزوجل کی عبادت اس طرح کر وگو یا تم اسے دیکھ رہے ہو اور اگر تم اسے نہیں دیکھتے ہو وہ تو تمہیں دیکھ رہا ہے۔

(صحیح مسلم، کتاب الایمان،جلد1،صفحہ27،مطبوعہ کراچی)

علامہ ابوالقاسم عبد الکریم قشیری علیہ الرحمہ فرماتےہیں:”هذا الذي قاله صلى الله عليه وسلم: فإن لم تكن تراه فإنه يراك إشارة إلى حال المراقبة، لأن المراقبة علم العبد باطلاع الرب سبحانه وتعالى عليه واستدامته لهذا العلم مراقبة لربه وهذا أصل كل خير له ولا يكاد يصل إلى هذه الرتبة إلا بعد فراغه من المحاسبة -حضور پاک علیہ الصلاۃ والسلام کا یہ فرمانا کہ اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو وہ تمہیں ضرور دیکھ رہا ہے۔مراقبہ کی طرف اشارہ ہے کیونکہ مراقبہ بندے کے اس بات کو جاننے (اور یقین رکھنے) کا نام ہے کہ رب تعالی اسے دیکھ رہا ہے۔ حضرت سیدنا ابن عطا رحمہ اللہ تعالی سے پوچھا گیا کہ افضل عبادت کیا ہے؟ تو ارشاد فرمایا:”مراقبة الحق على دوام الأوقات ” ہر وقت مراقبہ یعنی اس بات کا علم اور یقین رکھنا کہ اللہ پاک دیکھ رہا ہے۔

(رسالہ قشیریہ،باب المراقبہ،صفحہ329-331،دارالمعارف قاہرہ)

کتاب”نجات دلانے والے اعمال کی معلومات”میں ہے:”مراقبہ کی تعریف:مراقبہ کے لغوی معنی نگرانی کرنا، نظر رکھنا، دیکھ بھال کرنا کے ہیں ،اس کا حقیقی معنی اللہ عزوجل کا لحاظ کرنا اور اس کی طرف پوری طرح متوجہ ہونا ہے اور جب بندے کو اس بات کا علم (معرفت)ہوجائے کہ اللہ عزوجل دیکھ رہا ہے، اللہ عزوجل دل کی باتوں پر مطلع ہے، پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے، بندوں کے اعمال کو دیکھ رہا ہے اور ہر جان کے عمل سے واقف ہے، اس پر دل کا راز اس طرح عیاں ہے جیسے مخلوق کے لیے جسم کا ظاہری حصہ عیاں ہوتا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ عیاں ہے، جب اس طرح کی معرفت حاصل ہوجائے اور شک یقین میں  بدل جائےتو اس سے پیدا ہونے والی کیفیت کو مراقبہ کہتے ہیں۔مراقبہ کا حکم:’’مراقبہ ‘‘یعنی اس بات کا علم اور یقین رکھنا کہ اللہ عزوجل دیکھ رہا ہے ہر مسلمان پر ضروری ہے اور یہ تمام نیکیوں کی اصل ہے، مراقبہ کے بغیر کسی عمل میں  اخلاص نہیں ہو سکتا۔”

(نجات دلانے والے اعمال کی معلومات،صفحہ66-67،مکتبۃ المدینہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

3 ذوالحج 7144 ھ/ 20 مئی 6202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں