دوسروں کی داڑھی رکھوانا سنت نہیں/داڑھی میں ایمان نہیں رکھا، ان جملوں کا حکم

دوسروں کی داڑھی رکھوانا سنت نہیں/داڑھی میں ایمان نہیں رکھا، ان جملوں کا حکم

سوال: اگر کوئی شخص یہ کہے کہ داڑھی رکھنا سنت ہے، دوسروں کی رکھوانا سنت نہیں، تو کیا اس کا یہ قول درست ہے؟ طاہر القادری نے کہا تھا کہ داڑھی میں ایمان نہیں رکھا داڑھی ایمان میں ہے، کیا یہ درست ہے؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

یہ کہنا درست نہیں کہ داڑھی رکھنا سنت ہے، دوسروں کی رکھوانا سنت نہیں، کیونکہ داڑھی رکھنا سنت (سے ثابت ہے جو کہ در حقیقت واجب) ہے اور دوسروں کو ترغیب دے کر رکھوانا بھی سنت ہے، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے متعدد فرامین میں داڑھی بڑھانے کا حکم ارشاد فرمایا اور یہ امر بالمعروف میں داخل ہے، بلکہ اگر کسی متعلق غالب گمان ہو کہ میرے کہنے پہ یہ داڑھی رکھ لے گا تو اب اسے داڑھی رکھنے کا کہنا واجب ہے، ہاں اس کے لیے جبر نہیں کیا جاسکتا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا یہ قول کی “داڑھی میں ایمان نہیں رکھا داڑھی ایمان میں ہے” داڑھی شریف کی اہمیت کو کم کرتا ہے۔ اگر اس طرز استدلال کو اپنایا جائے تو یہی بات نماز، روزہ، حج، زکوۃ اور دیگر شعائر اسلام کے متعلق بھی کہی جائے گی، کہ یہ سب ایمان میں تو ہیں، مگر ایمان ان میں نہیں، تو یوں معاذاللہ تمام احکام شرعیہ مذاق بن کر رہ جائیں گے۔ داڑھی کے متعلق الٹی باتیں کرنا والا طاہر القادری خود لکھتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی مبارک سینے کو بھرے ہوئی تھی۔ کیا ایک مسلمان کے لیے یہ کافی نہیں کہ داڑھی رکھنا تمام انبیاء کرام علیہم السلام، بالخصوص سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کے صحابہ و اہل بیت رضی اللہ عنہم کا طریقہ ہے اور لوگوں کو(جبر و اکراہ کے بغیر) اس عظیم طریقے پر چلاتے ہوئے داڑھی رکھوانا یقینا انہیں صراط مستقیم پر چلانا ہے۔ داڑھی منڈوانا یا حد شرع سے کم رکھنا اللہ تعالی اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ناراضگی کا سبب ہے تو کیا ایک مسلمان کو یہ کوشش نہیں کرنی چاہیے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو اللہ اور اسکے رسول کی ناراضگی سے بچائے؟

صحیح بخاری میں ہے: “واعفوا اللحى” ترجمہ: اور داڑھیوں کو بڑھاؤ۔ (صحیح بخاری، کتاب اللباس، باب اعفاء اللحی، صفحہ1487، روایت5893، مطبوعہ دار ابن کثیر دمشق)

بہار شریعت میں ہے: ” امر بالمعروف یہ ہے کہ کسی کو اچھی بات کا حکم دینا مثلاً کسی سے نماز پڑھنے کو کہنا اور نہی عن المنکر کا مطلب یہ ہے کہ بری باتوں سے منع کرنا، یہ دونوں چیزیں فرض ہیں۔۔۔ اگر غالب گمان یہ ہے کہ یہ ان سے کہے گا تو وہ اس کی بات مان لیں گے اور بری بات سے باز آجائیں گے، تو امربالمعروف واجب ہے اس کو باز رہنا جائز نہیں۔”(بہار شریعت، جلد 3، حصہ 16، صفحہ 614، 615، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

ڈاکٹر طاہر القادری لکھتا ہے: “آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی مبارک انتہائی خوبصورت، گھنی، کنپٹی سے کنپٹی تک بھرپور ، سینے کو بھرے ہوئی اور سیاہ رنگ کی تھی۔” (حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا پیکر جمال، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی مبارک، صفحہ83، مطبوعہ منہاج القرآن پبلیکیشنز)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی

6 جمادی الاولی 1448ھ 18 اکتوبر 2026ء

اپنا تبصرہ بھیجیں