فقہ حنفی میں خون سے فاتحہ لکھنا
فتویٰ973:
بعض لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ فقہ حنفی میں خون سے فاتحہ لکھنا جائز ہے اور دلیل میں یہ عبارت پیش کرتے ہیں : ”لو رعف فكتب الفاتحة بالدم على جبهته وانفه جاز للاستشفاء وبالبول ايضا “؟
سائل : فردوس عطاری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سوال میں ذکر کی گئی عبارت نا مکمل نقل کی گئی ہے اور اس کا مفہوم بھی وہ نہیں جو بیان ہوا ۔ مکمل عبارت کو دیکھا جائے تو اس سے عدم جواز ہی واضح ہے کیونکہ ایک تو یہاں جان بچانے کی فرضی صورت بیان ہوئی ہے جبکہ شرائط پوری ہوں اور شرائط کا پورا ہونا نا ممکن ہے لہذا یہ علاج بھی نا جائز ہوا۔ اعلی حضرت امام اہلسنت شاه احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ نے بڑی تفصیل سے دیا ہے اس کو خلاصہ کر کے بیان کرتا ہوں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے پہلے اصل عبارت مکمل نقل کی اور پھر فرمایا کہ جن فقیہ نے یہ مسئلہ بیان کیا وہ تین شرطوں کے ساتھ مشروط تھا۔ پہلا یہ کہ جان جانے کا خوف ہو، دوسرا یہ کہ اس تدبیر سے شفا ہونا معلوم ہو اور تیسرا یہ کہ اس کے علاوہ کوئی تدبیر شفانہ ہو۔ اہل انصاف غور کریں کہ اس مسئلہ کو تین شرطوں کے ساتھ مشروط کیا گیا اور شرع و عقل و عرف کا یہ قاعدہ ہے کہ ضرور تیں ممنوعات کو مباح کر دیتی ہیں لہذا معترض کا تمام شرائط کو حذف کرکے مطلقایوں کہنا کہ فقہ حنفی میں یہ مسئلہ ہے یقینا بد دیا نتی ہے، یہ تو ایسا ہو گیا کہ کوئی کافر کہہ دے کہ قرآن مجید میں سور کھانا حلال لکھا ہے اور دلیل میں یہ آیت پیش کر دے فَمَنِ اضْطُرَّ غَیْرَ بَاغٍ وَّ لَا عَادٍ فَلَاۤ اِثْمَ عَلَیْهِ ؕ پھر کوئی مضطر ہو تو بغیر بغاوت و زیادتی کے اس پر مردار کھانے کا کوئی گناہ نہیں۔ اگر اس کلام کو باریک بینی سے دیکھا جائے تو علما کا مرجع ممانعت ہی ہے نہ کہ اجازت کیونکہ انہوں نے شرط بیان کی کہ جب اس سے شفا ہونا معلوم ہو حالانکہ اس علم کا کوئی ذریعہ نہیں، اگر علم کو یقین کے معنی میں لیں تو یقین تو مجرب اور معقول الاثر دواؤں میں بھی نہیں، اور اگر اس کو ظن کے معنی میں لیں تو بھی صرف موہوم ہی ہو سکتا ہے۔ تو ان تمام باتوں کا نتیجہ یہ نہیں نکلا کہ یہ لکھنا جائز ہے بلکہ یہ نکلا کہ نا جائز ہے۔ مزید یہ کہ معترض نے چوتھی صدی ایک فقیہ کا قول دھو کہ دیتے ہوئے سب شرائط اڑا کر طرح طرح کے بہتان کے ساتھ امام اعظم کی طرف منسوب کر دیا اور دیگر کئی مستند کتابوں کی عبارات جو اس کے خلاف ہیں اس کو اڑا دیا۔
(ملحضا: فتاوی رضویہ ، جلد 23، صفحہ 340تا349)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
11 جمادى الاخر 1445ھ/ 25 دسمبر 2023ء