لوگوں کے دل غوث پاک کے ہاتھ میں

لوگوں کے دل غوث پاک کے ہاتھ میں

فتویٰ954:

کیا غوث پاک رحمتہ اللہ علیہ کا ایسا قول ہے کہ لوگوں کے دل میرے ہاتھ میں ہیں؟

سائل : غلام قادر

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

غوث پاک شیخ عبد القادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کا اس طرح کا فرمان موجود ہے کہ لوگوں کے دل میرے ہاتھ میں ہیں چاہوں تو اپنی طرف مائل کر دوں چاہوں تو پھیر دوں۔ یہاں یہ یاد رہے کہ یہ طاقت اور قدرت اللہ پاک کی عطا اور اذن سے ہوتی ہے اور اللہ پاک کی عطا پر کوئی روک نہیں ، وہ جسے چاہے بے گنتی و بے حساب دے۔ امام اہلسنت اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ اپنے شعر میں فرماتے ہیں: ” غرض آقا سے کروں عرض کہ تیری بے پناہ بندہ مجبور ہے خاطر پہ ہے قبضہ تیرا ۔ “

(حدائق بخشش، صفحہ 30)

مفتی فیض احمد اویسی رحمتہ اللہ علیہ اس کی شرح میں بھجہ الاسرار کے حوالہ سے ایک واقعہ نقل فرماتے ہیں: ” سید عمر بزاز نے بتایا کہ میں جمعہ کے دن حضور غوث پاک رحمتہ اللہ علیہ کے ساتھ جامع مسجد جارہا تھا راستے میں کسی نے حضور کو سلام نہ کیا، میں نے دل میں سوچا کہ ہر جمعہ تو لوگوں کا رش ہوتا ہے آج کیا ہو گیا، یہ بات میرے دل میں آئی تھی کہ چاروں طرف سے لوگ ٹوٹ پڑے کہ میں دور ہو گیا تو میں سوچنے لگا پہلے والا حال ہی صحیح تھا، یہ خیال آتے ہی حضور نے میری طرف دیکھا اور مسکرائے اور فرمایا: اے عمر تم نے ہی تو اس کی خواہش کی تھی۔ کیا تمہیں معلوم نہیں کہ لوگوں کے دل میرے ہاتھ میں ہیں چاہوں تو اپنی طرف سے پھیروں اور چاہوں تو اپنی طرف متوجہ کرلوں۔ “

(ملحضا : شرح حدائق بخشش ، صفحہ229)

والله اعلم عزو جل و رسوله العلم صلى الله عليه واله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

08 ربيع الاخر 1445ھ/ 24 اکتوبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں