میت کی اولاد نہ ہو تو وراثت کیسے تقسیم ہو
فتویٰ926:
میں صرف اپنی معلومات کے لئے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر کسی کی اولاد نہ ہو تو اس کی وراثت کیسےتقسیم ہو گی؟
سائل : عبد القدوس
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
وراثت کی تقسیم کاری کے اصول قرآن و حدیث میں موجود ہیں کہ کن وارثوں کی موجودگی میں کن کو کتنا حصہ ملےگا،یعنی بعض قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں دور والے محروم ہو جاتے ہیں یا ان کے حصوں میں کمی واقع ہو جاتی ہے اس لئے مطلقا اس بارے میں نہیں کہا جا سکتا جب تک وارثوں کی تفصیل معلوم نہ ہو البتہ بعض اصول سمجھے جاسکتے ہیں۔ اولا یہ یاد رکھیں کہ اولاد ہو یا نہ ہو ماں ، باپ بیو ی یا شوہر کبھی محروم نہیں ہوتے البتہ بعض صورتوں میں حصے میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔ تو اگر میت کے ماں باپ دونوں حیات ہوں اور میت کی بیوی یا شوہر بھی زندہ ہوں اور میت کے بھائی بہن نہ ہوں تو بیوہ ہو تو اس کو چوتھائی اور شوہر ہو تو اس کو نصف دینے کے بعد والدہ کو باقی بچے ہوئے کا تہائی (3/1) دیں گے اور باقی سارا والد کو ملے گا اور اگر میت کے بھائی بہن ہوں تو اگر ایک ہی ہے تو والدہ کو کل مال کا تہائی دیا جائے گا اور اگر کم از کم دو ہوں تو والدہ کو کل مال کا چھٹا (6/1) دے کر باقی والد کو دیا جائے گا۔ اگر میت کی والدہ نہ ہو تو سارا مال والد کو ملے گا اور اگر والدہ نہ مگر بیوی ہو تو بیوی کو چوتھائی (4/1) دینے کے بعد باقی والد کو ملے گا۔ اگر والد نہ ہو مگر والدہ اور بیوی یا کوئی بھی ایک ہو اور ساتھ میں بہن بھائی ہوں تو بیوی اور والدہ کو اوپر بیان کی گئی تفصیل کے مطابق دینے کے بعد باقی بہن بھائیوں کو دیا جائے گا۔ اسی طرح والدین نہ ہوں مگر نانی ، دادی اور دادا ہوں تو بھی احکام میں فرق آجائے گا۔
(ماخوذ ا: کتب میراث)
و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
23 جمادی الاول 1445 ھ/ 08 دسمبر 2023ء