پچاس ہزار کے عوض دس من آٹا
فتویٰ848:
اگر کوئی شخص دکاندار سے یوں بیع کرے کہ پچاس ہزار لو اور میں پورے سال میں آپ سے دس من آٹا خریدوں گا دوران سال ریٹ جو بھی ہو میں فی من 5 ہزار ہی دوں گا تو ایسا کرنا کیسا؟
سائل : حافظ بابر عطاری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سوال میں ذکر کیا گیا طریقہ بیع سلم کے طور پر درست ہو سکتا ہے جبکہ بیع سلم کی تمام شرائط پائی جائیں۔ سوال میں چند شرائط مذکور ہیں مثلا ریٹ طے ہونا ، راس المال کی جنس معلوم ہونا، میعاد مقرر ہونا، مسلم فیہ کی جنس معلوم ہونا، موزونی ہونا۔ مزید مسلم فیہ (آٹا) کی نوع اور اس کا وصف یعنی کوالٹی بھی متعین کرلی جائے اور راس المال یعنی رقم اس مجلس میں بیچنے والے کے سپر د کر دی جائے، آٹا دینے کا مقام طے ہو اور آٹا خریداری کے وقت سے ختم میعاد تک دستیاب رہے تو اس طرح سودا کرنا درست ہو گا۔ یہاں یہ بات ذہن میں رہے کہ سودا اسی مجلس میں کرلے یعنی یوں کہے کہ میں نے 50 ہزار کے عوض آ پ سے ( اوپر بیان کردہ شرائط کے مطابق) آٹا خریدا، یوں نہ ہو کہ میں ان پیسوں کے بدلے بعد میں خریدوں گا۔ فتاوی رضویہ میں ایک سوال کے جواب میں ہے : ” اگر گیہوں خریدے اور قیمت پیشگی دی ہے تو بیع سلم ہے اگر سب شرائط بیع سلم کے ادا کر لی ہیں تو جائز ہے اگر چہ روپے کے دس من گیہوں ٹھہر جائیں ور نہ حرام ہے ۔ “
(فتاوی رضویہ، جلد 17 ، صفحہ 335)
و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
25 جمادی الاخر 1445 ھ/ 08 جنوری 2024 ء