جو چیز خریدی اس کا علم نہیں
فتویٰ826:
امازون یاڈی ایچ ایل سے اس طرح بھی خریداری ہوتی ہے کہ ایک باکس کلو کے حساب سے خریدا جاتا ہے مگر اس میں ہے کیا یہ نہ خریدار کو پتا ہوتا ہے نہ بیچنے والے کو کیا اس طرح خریداری جائز ہے ؟
سائل : محمد طلحه خان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سوال میں خریداری کا ذکر کیا گیا طریقہ نا جائز ہے کیونکہ خرید و فروخت کی بنیادی شرائط میں سے یہ ہے کہ جو چیز بیچی جارہی ہے وہ مجہول نہ ہو اور یہاں چیز مجہول ہے اور دوسرا یہ کہ اس میں جوئے کا شبہ بھی ہے کہ باکس میں نکلنے والی چیز دی گئی رقم سے کم بھی ہو سکتی ہے اور یہ اپنے مال کو خطرے میں ڈالنا ہے جو کہ جوا ہے۔ بہار شریعت میں بیع کی شرائط میں سے ہے: ”مبیع و ثمن دونوں اس طرح معلوم ہوں کہ نزاع پیدا نہ ہو سکے۔ اگر مجہول ہوں کہ نزاع ہو سکتی ہو تو بیع صحیح نہیں مثلاً اس ریوڑ میں سے ایک بکری بیچی یا اس چیز کو واجبی دام پر بیچا یا اس قیمت پر بیچا جو فلاں شخص بتائے۔ “
(بہار شریعت ، جلد 2، حصہ 11 ، صفحہ 617)
محیط برہانی میں ہے: ” والقمار حرام ولان فيه تعليق تمليك المال بالخطر وانه لا يجوز “ یعنی : اور جو احرام ہے کیونکہ اس میں مال کی ملکیت کو خطرے میں ڈالا جاتا ہے اور یہ نا جائز ہے۔
(محیط بر ہانی، جلد 5، صفحه 323)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
28 جمادی الاول 1445ھ/ 13 دسمبر 2023 ء