یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری
فتویٰ804:
یہ مصرعہ پڑھنا کیسا ” یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے “ ؟
سائل : رضاء المصطفى
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اس مصرعہ کی اگر یہ مراد لی جائے کہ اللہ پاک نے انسان کو نہ مختار کل بنایا ہے نہ مجبور محض بلکہ اسے عقل و شعور دیا اور صحیح غلط کی پہچان بھی عطا کر دی، اب یہ انسان کے اوپر ہے کہ وہ اچھے عمل کر کے جنت میں جاتا ہے یا برے اعمال کر کے جھنم کی سزا پاتا ہے، تو یہ مصرعہ پڑھنا شرعا درست اور قرآن کی کئی آیتوں کی ترجمانی کرتا ہے، لیکن اگر اس سے یہ مراد ہو کہ فطرت کے اعتبار سے کوئی مسلمان یا غیر مسلم نہیں ہو تا تو یہ مفہوم حدیث کے خلاف ہے کیونکہ حدیث میں فرمایا گیا کہ ہر بچہ فطرت یعنی دین اسلام پر پیدا ہوتا ہے پھر اس کے گھر والے اس کو یہودی یا نصرانی وغیرہ بناتے ہیں۔
اللہ پاک فرماتا ہے: ” فَاَمَّا مَنْ ثَقُلَتْ مَوَازِیْنُهٗ(6)فَهُوَ فِیْ عِیْشَةٍ رَّاضِیَةٍﭤ(7)وَ اَمَّا مَنْ خَفَّتْ مَوَازِیْنُهٗ(8)فَاُمُّهٗ هَاوِیَةٌﭤ(9) “ ترجمہ: تو بہر حال جس کے ترازو بھاری ہوں گے۔ وہ تو پسندیدہ زندگی میں ہو گا۔ اور بہر حال جس کے ترازو ہلکے پڑیں گے ۔ تو اس کا ٹھکانہ ہادیہ ہو گا۔
(القارعہ )
بخاری شریف میں ہے: ”کل مولود يولد على الفطرة فابواہ يهودانه او ينصرانه او يمجسانه “ترجمه : ہر بچہ فطرت پر پید ا ہوتا ہے پھر اس کے والدین اسے یہودی، نصرانی یا مجوسی بناتے ہیں۔
( بخاری ، 1385)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
30 ربیع الاخر 1445 ھ/ 15 نومبر 2023 ء