دوران حج شوہر فوت ہو جائے وعدت
فتویٰ683:
اگر شوہر بیوی حج پر ہوں اور شوہر کا انتقال ہو جائے تو عورت عدت کیسے پوری کرے؟
سائل : ابن نواب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
ایسی عورت جس کا شوہر دوران حج انتقال کر جائے اور یہ عورت کا فرض حج ہے تو اگر اس کا کوئی محرم ساتھ ہے تو اس کے ساتھ حج پورا کرے اور حج کے ارکان کے بعد جتنے دن مکہ میں ہے وہیں ہوٹل میں رہ کر عدت پوری کرے اور کہیں نہ جائے، پھر اگر جدہ سے فلائٹ ہے مگر درمیان میں مدینے شریف کا سفر ہے تو اگر ممکن ہو تو مکہ میں رکنے کی کوئی صورت بنائے اگر نہ بنے تو بامر مجبوری سفر کرے۔ اور اگر مدینے شریف سے فلائٹ ہو تو قافلے کے ساتھ سفر کر کے وطن واپس آکر جس قریبی جگہ عدت مکمل کرنا ممکن ہو وہاں کرے ورنہ شوہر کے گھر ہی کرے۔ فتاوی علیمیہ میں ہے: ” ایسی عورت کے لئے اصل حکم تو یہ ہے کہ مدینہ منورہ میں جس مکان میں سکونت کے دوران بیوہ ہوئی اس میں عدت وفات پوری کرے۔۔۔۔ مگر آج کل سعودی حکومت کے نظام آمد ورفت کے پیش نظر مدینہ منورہ میں رہ کر عدت پوری کرنا نہایت دشوار ہے اور اپنے وطن آنے میں بھی سخت مشقت ہے لہذا بوجہ دفع حرج و مشقت وہ عورت مکہ مکرمہ جا کر حج ادا کرے اور اگر بعد حج ممکن ہو تو وہیں پر ور نہ بصورت مجبوری اپنے وطن پہلے جس جگہ پہنچ کر عدت گزارنا آسان ہو وہاں گزارے اور اگر یہ بھی نہ ہو سکے تو اب بوجہ ضرورت شوہر کے گھر عدت پوری کرے۔ واللہ تعالی اعلم۔ “
(فتاوی علیمیہ، جلد 1، صفحہ 484،485)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
16 ذو القعدة الحرام 1445ھ/25 مئی 2024ء