مرد کی عورت پر فضیلت کی وجہ
فتویٰ669:
اسلام نے مرد کو عورت پر افضل کیا ہے اس کی وجہ کیا ہے؟
سائل : سمیع الله
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
جنس مرد جنس عورت سے افضل ہے لیکن ایسا نہیں کہ ہر ہر مرد ہر ہر عورت سے افضل ہو بلکہ کئی عورتیں لاکھوں مردوں سے افضل ہیں جیسے تمام صحابیات غیر صحابی مردوں سے افضل ہیں۔ مرد کی عورت پر فضیلت کی کئی وجوہات ہیں، ان سب کا خلاصہ یہ ہے اللہ پاک نے مرد کو عورت کے مقابلے میں علم اور قدرت زیادہ عطا کی ہے اور کئی کام جن کا تعلق علم یا قدرت سے ہے اس میں مرد فائق ہوتے ہیں۔ مفتی قاسم صاحب سورہ نساء کی آیت 34 کی تفسیر میں لکھتے ہیں: ” مرد کے عورت سے افضل ہونے کی وجوہات کثیر ہیں، ان سب کا حاصل دو چیزیں ہیں علم اور قدرت۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مرد عقل اور علم میں عورت سے فائق ہوتے ہیں، اگر چہ بعض جگہ عورتیں بڑھ جاتی ہیں لیکن مجموعی طور پر ابھی بھی پوری دنیا پر نگاہ ڈالیں تو عقل کے امور مردوں ہی کے سپر د ہوتے ہیں۔ یونہی مشکل ترین اعمال سر انجام دینے پر انہیں قدرت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ مرد عقل و دانائی اور قوت میں عورتوں سے فوقیت رکھتے ہیں۔ مزید یہ کہ جتنے بھی انبیاء، خلفاء اور ائمہ ہوئے سب مرد ہی تھے ۔ گھڑ سواری، تیر اندازی اور جہاد مرد کرتے ہیں۔ امامت کبری یعنی حکومت و سلطنت اور امامت صغریٰ یعنی نماز کی امامت یونہی اذان، خطبہ ، حدود و قصاص میں گواہی بالا تفاق مردوں کے ذمہ ہے۔ نکاح، طلاق، رجوع اور بیک وقت ایک سے زائد شادیاں کرنے کا حق مرد کے پاس ہے اور نسب مردوں ہی کی طرف منسوب ہوتے ہیں، یہ سب قرائن مرد کے عورت سے افضل ہونے پر دلالت کرتے ہیں۔ مردوں کی عورتوں پر حکمرانی کی دوسری وجہ یہ ہے کہ مرد عورتوں پر مہر اور نان نفقہ کی صورت میں اپنا مال خرچ کرتے ہیں اس لئے ان پر حاکم ہیں۔ خیال رہے کہ مجموعی طور پر جنس مرد جنس عورت سے افضل ہے نہ کہ ہر مرد ہر عورت سے افضل۔ بعض عورتیں علم و دانائی میں کئی مردوں سے زیادہ ہیں جیسے اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعا لی عنہا ،ہم جیسے لاکھوں مرد ان کے نعلین کی خاک کے برابر بھی نہیں۔ یونہی صحابیہ عورتیں غیر صحابی بڑے بڑے بزرگوں سے افضل ہیں۔ “
(صراط الجنان، جلد 2، پاره 5، صفحہ 194)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فراز عطاری مدنی
09 شعبان المعظم 1445ھ / 20 فروری 2024 ء