نفاس کے دس مہینے بعد حیض

نفاس کے دس مہینے بعد حیض

فتویٰ652:

ایک عورت کو نفاس ختم ہونے کے دس مہینے بعد حیض آیا 5 دن خون رہا پھر بند ہو گیا اور پھر دسویں دن آیا عورت نے غسل کر لیا پھر 8 دن بعد دوبارہ آگیا تو اب کیا حکم ہو گا؟

سائل : میوسف اشرفی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

معلوم کی گئی صورت کا حکم یہ ہے کہ نفاس سے پہلے عورت کو حیض کی جتنے دن کی عادت تھی اس مرتبہ بھی اتنے دن حیض سمجھا جائے گا اور باقی سارا کا سارا استحاضہ یہاں تک کہ اٹھارویں دن آنے والا خون بھی استحاضہ ہے ، وجہ اس کی یہ ہے کہ خون اگر دس دن کے بعد 15 دن سے پہلے پہلے دوبارہ آجائے تو یہ سارے دن خون والے سمجھے جاتے ہیں اور اس صورت میں عادت کے دن کو حیض اور باقی کو استحاضہ قرار دیا جاتا ہے۔ ہاں ! عادت کے دن حیض شمار کرنے کے بعد پندرہ دن گزر گئے تو اس کے بعد آنے والا خون اگر کم از کم تین دن رہا تو اس پر حیض کے احکام جاری ہوں گے کیونکہ اب اس خون کو حیض بنانا ممکن ہے۔ مفتی ساجد صاحب لکھتے ہیں: ”اگر عورت کو 5 دن خون آکر رک گیا اور 15 دن مکمل ہونے سے پہلے دوبارہ خون آگیا تو یہ سارےایام خون والے شمار ہوں گے اور (پہلی بار حیض آنے کی صورت میں ) فقط شروع کے 10 دن حیض کے بن جائیں گے۔ “

( خواتین کے مسائل، صفحہ 65)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

25 جمادی الاول 1445 ھ/ 10 دسمبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں