اجتماعی قربانی میں گوشت کی تقسیم اندازے سے

اجتماعی قربانی میں گوشت کی تقسیم اندازے سے

فتویٰ614:

کیا اجتماعی قربانی میں گوشت کی تقسیم اندازے سے کر سکتے ہیں ؟

سائل : عبد الله عمر

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

اجتماعی قربانی میں گوشت کو برابر برابر وزن کر کے تقسیم کرنا ضروری ہے صرف اندازے سے تقسیم کرنا جائز نہیں ، ہاں اگر سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں اور مل کر ہی وہ گوشت کھائیں گے تو اب برابر تقسیم کرنا ضروری نہیں۔ اگر وزن کی مشقت سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ ہو سکتا ہے کہ گوشت کے علاوہ کسی اور جنس مثلا کلیجی، مغز وغیرہ شامل کر لیا جائے تو اب وزن کرنا ضروری نہیں۔ در مختار میں ہے: ” ويقسم اللحم وزنا لا جزافا إلا إذا ضم معه من الاكارع أو الجلد صرفا للجنس لخلاف جنسه“ ترجمہ: اور گوشت کو وزن کر کے تقسیم کیا جائے نہ کہ اندازے سے ہاں اگر اس گوشت کے ساتھ کلیجی یا کھال وغیرہ ملا دی جائے( تو حرج نہیں) ایک جنس کو دوسری جنس کی طرف پھیر دینے کی وجہ سے۔

(در مختار ، صفحہ 646)

امیر اہلسنت لکھتے ہیں: ” ہاں اگر سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں کہ مل کر ہی بانٹیں گے اور کھائیں گے یا شر کا ء اپنا اپنا حصہ لینا نہیں چاہتے ، ایسی صورت میں وزن کرنے کی حاجت نہیں۔ “

( ابلق گھوڑے سوار ، صفحہ 22)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

08 ذوالحجہ 1444 ھ /27 جون 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں