بازو،سینے اور پیٹھ کے بال صاف کرنا
کیا فرماتے ہیں مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص کے جسم پر بہت زیادہ اور بڑے بڑے بال ہیں کیا وہ تمام مقامات سے بال صاف کر سکتا ہے ؟
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بنصرتہ الملک الوھاب اللھم ھدایتہ الحق والصواب
مرد کے لیے ناف کے نیچے کے بال صاف کرنا سنت ہے اور پچھلی شرم گاہ کے بال صاف کرنا مستحب ہے ،باقی اعضاء کے بال صاف کرنا جائز ہے مگر سینے اور پیٹھ کے بال صاف نا کرنا بہتر ہے۔
ہندیہ میں ہے:
”وفی حلق شعرالصدر والظهر ترک الادب“
ترجمہ: سینے اور پیٹھ کے بال صاف کرنے میں ترک ادب ہے۔ ( ہندیہ جلد 5 صفحہ 358مطبوعہ دارالفکر)
بہار شریعت میں ہے: ”سینہ اور پیٹھ کے بال مونڈنا یا کتروانا اچھا نہیں، ہاتھ، پاؤں، پیٹ پر سے بال دور کرسکتے ہیں۔“(بہارِ شریعت، جلد3، صفحہ585، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
واللہ اعلم
کتبہ
ممبر فقہ کورس
18 شعبان المعظم 1446بمطابق17فروری2025
نظرثانی:
مفتی محمد انس رضا قادری