گیارہویں مستحب عمل و نذر عرفی ہے

گیارہویں مستحب عمل و نذر عرفی ہے

سوال:گیارہویں کی کیانوعیت ہے؟کیایہ لازم ہے؟کیا اس پر ثواب ملےگا؟ اور کیایہ غیراللہ کےلئے نذر نہیں؟

سائل:عبداللہ عمر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

گیارہویں شریف مستحب عمل ہے،مباح کام اچھی نیت سےہو تو ثواب ملتاہے تو مستحب پر اللہ کی رحمت سے ثواب کی امید قوی ہے۔یہ لازم نہیں،جو کہے غلطی پر ہے۔ رہی نذر تو یہ عرفی ہے جو اولیاء کرام کی بارگاہ میں ثواب نذر کرنےکےلئےہوتی ہے،اس میں حرج نہیں۔

سیدی اعلی حضرت علیہ رحمۃ رب العزت فرماتےہیں:”گیارہویں شریف اپنے مرتبہ فردیت میں مستحب ہے اور مرتبہ اطلاق میں کہ ایصال ثواب ہے ، سنت ہے اورسنت سے مراد سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور یہ سنت قولیہ مستحبہ ہے ، سنیوں میں کوئی اسے خاص گیارہویں تاریخ ہو نا شرعاً واجب نہیں جانتا اور جو جانے محض غلطی پر ہے ۔ ایصال ثواب ہر دن ممکن ہے اور کسی خصوصیت کے سبب ایک تاریخ کا التزام ، جبکہ اسے شرعاً واجب نہ جانے ، مضائقہ نہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر پیر کو نفلی روزہ رکھتے، کیا اتوار یا منگل کو رکھتے ، تو نہ ہوتا ؟یا اس سے یہ سمجھا گیا کہ معاذاللہ ! حضور نے پیر کا روزہ واجب سمجھا ؟یہی حکم تیجے اور چہلم کا ہے۔”ایک اورمقام پرہے:”اولیاء کےلئےنذرعرفی صدہا(سالہا)سال سے مومنین وصالحین میں معمولی ہے۔”

(فتاوی رضویہ ، جلد9 ، صفحہ 605 ،و ج15،مسئلہ:34،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

مفتی احمدیار خان نعیمی علیہ الرحمہ فرماتےہیں:”اولیاء اللہ کے نام کی جونذرمانی جاتی ہے اسے نذرِ(عرفی اور)لغوی کہتے ہیں اس کامعنی نذرانہ ہے جیسے کوئی شاگرد اپنے استاد سے کہے کہ یہ آپ کی نذرہے یہ بالکل جائز ہے یہ بندوں کی ہوسکتی ہے مگراس کاپورا کرناشرعاًواجب نہیں مثلاًگیارہویں شریف کی نذراورفاتحہ بزرگان دین وغیرہ۔“

(سعید الحق مع جاءالحق،ص615،مکتبہ غوثیہ کراچی)

تفسیرات احمدیہ میں ہے:”ومن ہہناعلم ان البقرۃ المنذورۃ للاولیاء کما ہو رسم فی زماننا حلال طیب لانہ لم یذکر اسم غیراللہ وقت الذبح وان کانوا ینذرونہا ” (تفسیرات احمدیہ،تحت آیۃ ومااہل بہ لغیراللہ ،ص45،مطبوعہ کوئٹہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

محمدشاہدحمیدقادری

29 رجب 6144 ھ/30 جنوری 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں