گھرکے دو سرے کمرے میں خواتین کا جماعت میں شریک ہونا
فتویٰ675:
مسجد میں کام ہونے کی وجہ سے پانچ وقت کی نماز اور تراویح میرے گھر کے ہال میں ہو رہی ہیں تو کیادوسرے کمرے میں خواتین تراویح کی جماعت میں شریک ہو سکتی ہیں ؟
سائل : بنت مظفر
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اگر کمرہ ہال سے متصل (بالکل ملا ہوا) ہو اور درمیان میں دو صفوں کا فاصلہ نہ ہو یا صفیں متصل ہوں اور امام کے ایک رکن سے دوسرے رکن میں جانے کا علم ہو جاتا ہو تو عورتوں کی نماز ہو جائے گی البتہ عورتوں کے لئے حکم یہ ہے کہ گھر میں سب سے زیادہ باپردہ جگہ پر تنہا نماز پڑھیں۔ فتاویٰ جامعہ اشرفیہ میں ہے : ” اقتدا صیح ہونے کے لیے امام اور مقتدی کا حقیقتاً یا حکما ایک مکان میں ہونا شرط ہے۔ اگر امام یا مقتدی دو ایسے مکانوں میں ہوں کہ بیچ میں راستہ ہو تو اقتدا صحیح نہیں۔ اقتدا اس وقت صحیح ہے کہ امام کے پیچھے صفیں متصل ہوں حکما یا حقیقتا۔ ( حاشیہ : ) عورتوں کو اپنی اپنی نماز تنہا تنہا پڑھنے کا حکم ہے ، وہ نہ اپنی جماعت کر سکتی ہیں اور نہ ہی مردوں کی جماعت میں شریک ہو سکتی ہیں۔ “
(فتاویٰ جامعہ اشرفیہ، جلد 5، صفحہ 672، 673)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
03 رمضان المبارک 1445ھ/14 مارچ 2024ء