گندم کی کٹائی کرانےپر گندم کی ہی اجرت دیناکیسا
سوال:گندم کی کٹائی کرائی اور یہ طے ہوا کہ اس کے بدلے میں اسی میں سے گندم دیں گے تو اس بارے کیا حکم ہے؟
سائل:شایان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اجارہ پہ کام کرایا اور طے پایا کہ اسی میں سے معاوضہ ،اجرت دوں گا یاعرف یہی ہو تویہ قفیز طحان کی صورت ہے جو اجارہ فاسدہ اور ناجائز ہے،اس صورت میں اجرت مثل لازم ہو گی جومقرر کردہ سےزیادہ نہ ہو۔اگراسی میں سے اجرت دینا طے نہ ہوا اور پھر اس میں سے دیدی تو درست ہے۔لہذا گندم کی کٹائی کرائی اور طے کیا،شرط لگائی کہ اسی میں سے مثلاً دو من گندم اجرت دی جائے گی تو ناجائز ہے اور ویسے کہا کہ دو من گندم دی جائے گی اس میں سے دینے کی وضاحت نہ کی نہ طے ہوا بعد میں اسی میں سے دیدی تو حرج نہیں۔
الدرالمختار و ردالمحتار میں ہے:”ولودفع غزلا لآخر لينسجه له بنصفه أي بنصف الغزل أو استأجر بغلا ليحمل طعامه ببعضه أو ثورا ليطحن بره ببعض دقيقه فسدت في الكل— ويجب أجر المثل لا يجاوز به المسمى زيلعي — لأنه استأجره بجزء من عمله، والأصل في ذلك نهيه – صلى الله عليه وسلم – عن قفيز الطحان وقدمناه في بيع الوفاء. والحيلة أن يفرز الأجر أولا أو يسمي قفيزا بلا تعيين ثم يعطيه قفيزا منه فيجوز”
(الدرالمختار مع ردالمحتار،جلد6،صفحہ56-57،دارالفکر بیروت)
بہار شریعت میں ہے:”اجارہ پر کام کرایا گیااور یہ قرار پایا کہ اُسی میں سے اتنا تم اُجرت میں لے لینا یہ اجارہ فاسد ہے مثلاً کپڑا بُننے کے ليے سوت دیا اور یہ کہہ دیا کہ آدھا کپڑا اُجرت میں لے لینا یا غلہ اُٹھا کر لاؤ اُس میں سے دوسیر مزدوری لے لینا یا چکی چلانے کے ليے بیل ليے اور جو آٹا پیسا جائے گااُس میں سے اتنا اُجرت میں دیا جائے گا یوہيں بھاڑ(اناج کے دانے بھوننے والوں کی بھٹی یاچولہا)میں چنے وغیرہ بھنواتے ہیں اور یہ ٹھہرا کہ اُن میں سے اتنے بھنائی میں ديے جائیں گے یہ سب صورتیں نا جائز ہیں۔ ان سب میں جائز ہونے کی صورت یہ ہے کہ جو کچھ اُجرت میں دینا ہے اُس کو پہلے سے علیحدہ کردے کہ یہ تمھاری اُجرت ہے مثلاً سوت کو دوحصہ کرکے ایک حصہ کی نسبت کہا کہ اس کا کپڑا بُن دو اور دوسرادیا کہ یہ تمھاری مزدوری ہے یا غلہ اُٹھانے والے کو اُسی غلہ میں سے نکال کردیدیا کہ یہ مزدوری ہے اور یہ غلہ فلاں جگہ پہنچادے۔ – دوسری صورت جو از کی یہ ہے کہ مثلاً کہہ دے کہ دوسیر غلہ مزدوری دیں گے یہ نہ کہے کہ اس میں سے دیں گے پھر اگر اُسی میں سے دیدے جب بھی حرج نہیں۔”
(بہار شریعت،جلد3،حصہ 14، صفحہ 149، مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
14 محرم الحرام 8144ھ/30 جون 6202 ء