کیا وقوع طلاق کے لیے بیوی کا الفاظ طلاق سننا ضروری ہے؟
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ زید نے موبائل فون کے ذریعے اپنی بیوی کو الگ الگ تین طلاقیں دیں، لیکن ابھی شوہر نے ایک بار ہی لفظ طلاق کہا تھا کہ اسکی بیوی نے فون کاٹ دیا، باقی کے دو بار کا لفظ طلاق بیوی نے نہیں سنا، کیا اس صورت میں کیا حکم شرعی نافذ ہوگا؟
User id: Nizamuddin Ashrafi Attari
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں اگر عورت مدخولہ ہے، تو اس پر تینوں طلاقیں واقع ہوگئیں۔ جہاں تک اس امر کا تعلق ہے کہ عورت نے آخری دو طلاقوں کے الفاظ نہیں سنے، تو شرعا وقوع طلاق کے لیے عورت کا الفاظ طلاق سننا ضروری نہیں۔
فتاوی رضویہ میں ہے: ” مسئلہ: زید اپنے مکان میں تنہا مقیم تھا اس نے اپنی زوجہ کو طلاق دی لیکن زوجہ نے نہ سنی نہ دوسرے آدمی نے، اس وجہ سے کہ اور آدمی دوسرے مکان میں تھے، پس طلاق ہوئی یا نہیں؟ الجواب: طلاق کے لئے زوجہ خواہ کسی دوسرے کا سننا ضرور نہیں بلکہ جبکہ شوہر اپنی زبان سے الفاظ طلاق ایسی آواز سے کہے جو اس کے کان تک پہنچے کے قابل تھے(اگر چہ کسی غل شور یا ثقل سماعت کے سبب نہ پہنچی عند اللہ طلاق ہوگئی، عورت کو خبر ہو تو وہ بھی اپنے آپ کو مطلقہ جانے۔” ( فتاوی رضویہ، جلد12، صفحہ362، مسئلہ128، مطبوعہ رضافاؤنڈیشن)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
6 جمادی الاولی 1448ھ 18 اکتوبر 2026ء