کیا موت کے وقت کلمہ نہ پڑھنے والا مسلمان ہے؟
سوال: بعض لوگ وفات کے وقت کلمہ نہیں پڑھا پاتے، انکے بارے میں کیا حکم ہے؟ کیا وہ مسلمان کہلائیں گے؟ کیونکہ حدیث میں تو یہ ہے کہ جس کا آخری کلام لا الہ الا اللہ ہو وہ جنت میں داخل ہوگا۔
User id: Muhammad Saqib
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں شرعی حکم یہ ہے کہ اگر کوئی شخص مسلمان ہو، ضروریات دین میں سے کسی امر کا منکر نہ ہو، لیکن وقت وفات اس کی زبان سے کلمہ طیبہ ادا نہ ہو سکے، تو محض اس بنا پر اسے اسلام سے خارج نہیں سمجھا جائے گا، بلکہ وہ مسلمان ہی شمار ہوگا، کیونکہ کلمہ طیبہ کا وقت وفات زبان سے جاری ہونا حسن خاتمہ، سعادت مندی کی علامت اور عذاب سے محفوظ رہنے کی علامت ہے، لیکن یہ اسلام میں داخل ہونے کی شرط نہیں، کہ ایسا شخص تو پہلے ہی مسلمان ہے۔ لہذا ہرمسلمان کے لیے مرتے وقت کلمہ پڑھنا ضروری نہیں۔
عمدۃ القاری شرح صحیح البخاری میں ہے: “والشرط ان يقول لا الہ الا اللہ واستمر عليہ فانہ يدخل الجنة وان لم يذكره عند الموت لانہ لا فرق بين الاسلام النطقی وبين الحكمی المستصحب” ترجمہ: اور شرط یہ ہے کہ وہ لا الہ الا اللہ کہے اور اس پر قائم رہے، تو وہ جنت میں داخل ہوگا، اگرچہ موت کے وقت اس کلمے کا ذکر نہ کرے، کیونکہ زبانی اقرار کے ذریعے ثابت ہونے والے اسلام اور اس اسلام کے حکم میں کوئی فرق نہیں جو پہلے سے ثابت ہو اور برقرار ہو۔ (عمدۃ القاری، کتاب الجنائز، جلد8، صفحہ3، مطبوعہ دار الفکر)
مرقاۃ المفاتیح میں ہے: “(من كان آخر كلامه لا إله إلا الله دخل الجنة) أما قبل العذاب دخولا أو بعد أن عذب بقدر ذنوبه والأول الأظهر ليتميز به عن غيره من المؤمنين الذين لم يكن آخر كلامهم هذه الكلمۃ” ترجمہ: (جس شخص کا آخری کلام لا الہ الا اللہ ہو، وہ جنت میں داخل ہوگا) جنت میں داخل ہونے سے مراد یا تو عذاب سے پہلے جنت میں داخل ہونا ہے، یا اس کے گناہوں کے بقدر عذاب دیے جانے کے بعد جنت میں داخل ہونا ہے۔ اور پہلی صورت زیادہ ظاہر ہے، تاکہ اس شخص کو ان دوسرے مؤمنین سے امتیاز حاصل ہو جن کا آخری کلام یہ کلمہ نہ ہو۔ (مرقاۃ المفاتیح شرح مشکوۃ المصابیح، کتاب الجنائز، باب مایقال عند من حضرہ الموت، جلد3، صفحہ1169، مطبوعہ دار الفکر)
مرآۃ المناجیح میں ہے: “مرتے وقت کلمہ پڑھانا اس حدیث مذکورہ پر عمل کے لیے ہے نہ کہ اسے مسلمان بنانےکیلئے، مسلمان تو وہ پہلے ہی ہے۔” (مرآۃ المناجیح، باب مایقال عند من حضرہ الموت، الفصل الاول، تحت روایت1616، جلد2، صفحہ455، مطبوعہ نعیمی کتب خانہ گجرات)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
2 جمادی الاولی 1448ھ 14 اکتوبر 2026ء