کیا اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے اپنے دانت شہید کیے
فتویٰ989:
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے حضور ﷺ کی محبت میں اپنے دانت توڑ دیے تھے کیا یہ واقعہ درست ہے ؟
سائل : احمد رضا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
یہ واقعہ کسی مستند ذریعہ سے ثابت نہیں بلکہ اس کا جھوٹا ہونا واضح ہے کہ اپنے آپ کو اذیت دینا شر عا جائز نہیں اور اویس قرنی رضی اللہ عنہ جیسے تابعی بزرگ سے یہ متصور نہیں کہ وہ اس طرح خلاف شرع کام سر انجام دیں، لہذا اس طرح کا واقعہ بیان نہ کیا جائے۔ علامہ علی قاری رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” اعلم أن ما اشتهر على ألسنة العامة من أن أويساً قلع جميع أسنانه لشدة أحزانه حين سمع أن سنّ النبي صلى الله عليه وسلم أصيب يوم أحد ولم يعرف خصوص أى سن كان بوجه معتمد، فلا أصل له عند العلماء مع أنه مخالف للشريعة الغراء، ولذا لم يفعله أحد من الصحابة الكبراء على أن فعله هذا عبث لا يصدر إلا عن السفهاء “ ترجمہ : جان لو کہ عوام کی زبان پر جو یہ مشہور ہے کہ حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے جب یہ سنا کہ احد کے دن نبی کریم ﷺ کے مبارک دانت پر زخم لگا، لیکن انہیں یہ معلوم نہ ہوا کہ کس دانت پر لگا، تو غم کے سبب انہوں نے اپنے تمام دانت شہید کر دیے ” علماء کے نزدیک اس واقعے کی کوئی اصل نہیں، نیز یہ شریعت مطہرہ کے خلاف بھی ہے، اسی وجہ سے بڑے بڑے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے کسی نے بھی ایسا نہ کیا، مزید یہ کہ یہ ایک عبث فعل ہے ، جو نادان لوگوں سے ہی صادر ہو سکتا ہے۔
(المعدن العد نی فی فضل اویس القرنی ، صفحہ 30)
والله اعلم عزوجل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
18 شعبان المعظم1445ھ/29 فروری 2024 ء