چائے یادودھ وغیرہ میں مکھی مر جائےتوکیا حکم ہے
سوال:چائے میں مکھی گرکرمرجائےتوچائے پینےکےبارے کیاحکم ہے؟
سائل:نذیراحمد
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
چائےمیں مکھی گرکرمرجائےتو مکھی ڈبو کر باہر پھینک دی جائےاورچائےپی لی جائے۔ڈپونے کا اس لئے حکم ہے کہ اس کے ایک بازومیں بیماری اور دوسرے میں شفا ہےاورپہلےوہ بیماری والاپرڈالتی ہے،کسی اور چیز میں گرے تو بھی مکھی نکال کر استعمال کر لی جائے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سےمروی ہےنبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:”إذا وقع الذباب في شراب أحدکم فلیغمِسه ثم لینزعه، فإن في إحدیٰ جناحیه داء والأخریٰ شفاء”جب تم میں سے کسی کے برتن میں مکھی گر جائے تو اس ساری کو ڈبو دے پھر اسے پھینک دے کیونکہ اس کے بازوؤں میں سے ایک بازو میں شفاء ہے اور دوسرے میں بیماری ہے۔
(صحیح البخاري، کتاب الطب ،باب اذاوقع الذباب فی الاناء ،ج2،ص860،مطبوعہ کراچی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:”إذا وقع الذباب في إناء احدكم فامقلوه فإن في احد جناحيه داء وفي الآخر شفاء وإنه يتقي بجناحه الذي فيه الداء فليغمِسه كله”جب کھانے میں مکھی گر جائے تو اسے غوطہ دے دو(اورپھینک دو)کیونکہ اس کے ایک بازو میں بیماری ہے اور دوسرے میں شِفا ہے اور اسی بازو سے اپنے کو بچاتی ہے جس میں بیماری ہے۔” (یعنی وہی بازو کھانے میں پہلے ڈالتی ہے جس میں بیماری ہے، لہٰذا پوری کو غوطہ دیدو)
(سنن ابي داود،کتاب الاطعمۃ،باب في الذباب یقع في الطعام،ج2،ص181،الحدیث:3844،مطبوعہ لاہور)
مرآۃ المناجیح میں ہے:”علماء فرماتے ہیں کہ تجربہ یہ ہے کہ مکھی شور بے وغیرہ میں اپنا بایاں بازو ڈالتی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے بائیں بازو میں زہر ہے داہنے میں شفاء۔ – معلوم ہوا کہ مکھی ڈوب کر مرجانے سے پانی یا شوربا،دودھ وغیرہ نہ تو ناپاک ہوتا ہے نہ حرام بلکہ وہ پاک رہتا ہے حلال رہتا ہے کہ مکھی میں خون نہیں۔”
(مرآۃ شرح مشکوۃ،ج5،ص661،قادری پبلشرزلاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
5 صفر المظفر7144 ھ/31 جولائی 5202 ء