فوت شدہ کے استعمال کیے ہوئے کپڑے

فوت شدہ کے استعمال کیے ہوئے کپڑے

فتویٰ915:

فوت شدہ کے کپڑے خود استعمال کر سکتے ہیں یا کسی کو دے سکتے ہیں؟

سائل : شفاعت حسين

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

فوت شدہ کے کپڑے تقسیم کے بعد یا تمام بالغ وارثوں کی اجازت سے استعمال کرنے یا کسی کو دینے میں کوئی حرج نہیں، بعض لوگ اس میں نحوست سمجھتے ہیں تو اسلام میں نحوست کا کوئی تصور نہیں۔ جب کوئی انتقال کر جاتا ہے تو اس کے مال کے ساتھ چار حقوق متعلق ہوتے ہیں۔ (1) اس کی تجہیز و تکفین کے معاملات (2) قرض کی ادائیگی (3) وصیت کا نفاذ (4) وراثت کی ادا ئیگی۔ لہذا انسان جو بھی مال چھوڑ کر جاتا ہے اولا اس کے ساتھ پہلے تین حقوق متعلق ہوتے ہیں، وہ نہ ہوں یا اس کی ادائیگی ہو جائے پھر بقیہ مال وارثین کا ہوتا ہے۔ اس لئے تقسیم سے پہلے کوئی چیز استعمال نہ کی جائے کہ اس میں دوسرے وارثوں کا حق بھی شامل ہوتا ہے ہاں اگر سب وارث بالغ ہوں اور اجازت دے دیں تو پھر حرج نہیں۔ المدینہ العلمیہ کے رسالے میں ہے : ”سب سے پہلے میت کے مال سے سنت کے مطابق اس کی تجہیز و تکفین اور تدفین کی جائے۔ پھر جو مال بچ جائے اس سے میت کا قرضہ ادا کیا جائے ، بیوی کا مہر ادا نہ کیا ہو تو وہ بھی قرض شمار ہو گا۔ پھر اگر میت نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو اسے قرض ادا کرنے کے بعد بچ جانے والے مال کے تیسرے حصے سے پورا کیا جائے گا، ہاں اگر سب ور ثا بالغ ہوں اور سب کے سب تیسرے حصے سے زائد مال سے وصیت پوری کرنے کی اجازت دیں تو زائد مال سے وصیت پوری کرنا جائز ہے ورنہ جتنے ورثاء اجازت دیں ان کے حصے کی بقدر وصیت پر عمل ہو سکتا ہے۔ وصیت پوری کرنے کے بعد جو مال بچ جائے اسے شرعی حصوں کے مطابق ورثامیں تقسیم کیا جائے۔ “

(مال وراثت میں خیانت نہ کیجئے ، صفحہ 31)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فر از عطاری مدن

03 محرم الحرام 1446ھ/ 10 جولائی 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں