فجر اور عصر کے بعد واجب الاعادہ نوافل پڑھنے کا حکم
سوال: ایسے نفل جو واجب الاعادہ ہوں، ان کو فجر اور عصر کے بعد پڑھ سکتے ہیں؟ دارالفتاء اہلسنت کے فتوی میں یہ تو لکھا ہوا ہے کہ واجب الاعادہ نماز فجر اور عصر کے بعد پڑھ سکتے ہیں۔ لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ کیا واجب الاعادہ نفل بھی پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟ رہنمائی فرمائیے گا۔
User id: Muhammad Usman Nawaz
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ فجر اور عصر کے بعد واجب الاعادہ نوافل نہیں ادا کرسکتے، کیونکہ یہ واجب لغیرہ ہوتے ہیں اور فجر و عصر کے بعد واجب لعینہ کی ادائیگی تو جائز ہے، لیکن واجب لغیرہ کی جائز نہیں۔
معراج الدرایۃ فی شرح الھدایۃ میں ہے: “الاصل ان ما يتوقف وجوبہ على فعلہ كالمنذور وقضاء التطوع افسده وركعتی الطواف وسجدة السھو ونحوها لا يجوز” ترجمہ: اصل یہ ہے کہ جس چیز کا واجب ہونا انسان کے اپنے فعل پر موقوف ہو جیسے منت، نفلی نماز کی قضا جسے (شروع کر کے) فاسد کر دیا تھا، طواف کی دو رکعتیں، سجدہ سہو اور ان کی مثل (کی قضا اوقات مکروھہ میں) جائز نہیں۔ (معراج الدرایۃ فی شرح الھدایۃ، کتاب الصلاۃ، فصل فی الاوقات التی تکرہ فیھا الصلاۃ، جلد1، صفحہ516، مطبوعہ دارالکتب العلمیہ)
تنویر الابصار و جامع البحار میں ہے: “(و کرہ نفل و کل ما کان واجبا لغیرہ کمنذور و رکعتی طواف والذی شرع فیہ ثم افسدہ۔۔۔بعد صلاۃ فجر و عصر)” ترجمہ: اور فجر اور عصر کے بعد قصدا نفل پڑھنا مکروہ ہے اور ہر وہ نماز جو واجب لغیرہ ہو جیسے منت، طواف کی دو رکعتیں اور وہ نماز جس میں شروع ہو کر نمازی نے اسے فاسد کردیا ہو۔ (الدر المختار شرح تنویر الابصار، کتاب الصلاۃ، صفحہ54، مطبوعہ دارالکتب العلمیہ)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
13 جمادی الاولی 1448ھ 24 اکتوبر 2026ء