سوفٹ ویئر کی خرابی دور کرنے کی اجرت
فتویٰ835:
اگر کسی کا کام سوفٹ وئیر کی خرابی دور کرنے کا ہو اور وہ بینک کا سوفٹ ویئر بھی صحیح کرتا ہو جس میں سودی کام ہوتے ہیں تو ایسا کرنا کیسا؟
سائل : انجینئر نوید
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
بینک کا سوفٹ ویئر مختلف کاموں میں استعمال ہوتا ہے مثلا کرنٹ اکاؤنٹ بنانا، اس میں پیمنٹ ٹرانسفر کرنا، اس کے چیک کلئیر کرنا، اس کے علاوہ بل کی ادائیگی، فیس کی ادائیگی اور دیگر جائز کام بھی سوفٹ وئیر کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں اگر کوئی سوفٹ ویئر کی خرابی بتائے اور اس پر اجرت لے تو ایسا کام جائز ہے اور اجرت بھی حلال ہے جب تک کام کرنے والے کی نیت سودی معاملات کو بحال کرنا نہ ہو۔ جائز ہونے کی وجہ یہ ہے کہ یہ براہ راست سودی معاملات میں معاونت کرنا نہیں ہے اور بینک کا وہ کام نا جائز ہے جس میں براہ راست سودی کام کرنا پڑتا ہو یا اس میں معاونت کرنی پڑتی ہو اور یہاں ایسا نہیں لہذا یہ کام جائز ہے۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی وقار الدین قادری صاحب لکھتے ہیں: ” اجارہ جب کسی معصیت پر ہو تو اجرت بھی حرام ہوتی ہے۔ صورت مسئولہ میں صرف سود کا حساب لکھنے کے لئے معین کر کے نہیں رکھا گیا ہے۔ لہذا اجارہ تو جائز ہے تنخواہ بھی حلال ہے۔ مگر جب سود کا حساب کتاب کیا جائے تو یہ فعل ناجائز ہوگا ۔ “
(و قار الفتاوی، جلد 3، صفحہ 317 ، بزم وقار الدین)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
13 جمادى الاخر 1445 ھ/ 27دسمبر 2023ء
95 روپے کے سکے 100 کے نوٹ کے بدلے دینا
فتویٰ836:
کیا 95 روپے کے سکے 100 روپے کے نوٹ کے بدلے دینا صحیح ہے؟
سائل : اشرف الدین خان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
95 روپے کے سکے 100 روپے کے نوٹ کے بدلے دینا ہاتھوں ہاتھ اور ادھار دونوں طرح جائز ہے کیونکہ سکے اور نوٹ الگ الگ جنس ہیں اور اس میں قدر یعنی مکیلی یا موزونی ہونا بھی نہیں پایا جاتا اور جب خرید و فروخت میں جنس و قدر نہ پائی جائے تو ادھار اور کمی بیشی دونوں جائز ہوتے ہیں۔ اعلی حضرت رحمتہ اللہ علیہ ہیں: ”اگر وہ دونوں (جنس و قدر ) نہ پائی جائیں تو ( بیشی اور ادھار ) حلال ہیں۔۔الخ “
(فتاوی رضویہ، جلد 17، صفحه 446)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
08 جمادی الاخر 1445 ھ/ 22 دسمبر 2023ء