دوران نماز ریشہ نکلےتوکیاحکم ہے

دوران نماز ریشہ نکلےتوکیاحکم ہے

سوال:نماز کی حالت میں زخم سے ریشہ نکل آئےاور کپڑوں پر لگ جائے ایسی حالت میں اور ایسے کپڑوں میں نماز ہوجائے گی؟

میاں سہیل

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اگر ریشہ بہنے کی مقدار نکلا تو وضو ٹوٹ گیاپھروضو کر کےنئےسرے سےنمازپڑھے۔اگربہانہیں صرف سُرخی یازردی ہےتووضو نہیں ٹوتانہ کپڑا ناپاک ہوا۔خون یاپیپ کپڑے پر درہم کی مقدار سے زائد لگےتودھونا فرض بِلاپاک کئےپڑھ لی تو نماز نہیں ہو گی اور درہم کی مقدار ہے تو دھونا واجب ہےبغیرپاک کئےپڑھی تو نماز مکروہ تحریمی ہو گی اور درہم سے کم ہو تو دھونا سنت ہے،کپڑادھوئےبغیرپڑھ لی تو دہرانا بہتر ہے۔

صدر الشریعہ حضرت مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:” خون یا پیپ یا زرد پانی کہیں سے نکل کر بہا اور اس بہنے میں ایسی جگہ پہنچنے کی صلاحیت تھی جس کا وضو یا غسل میں دھونا فرض ہے تو وضو جاتا رہا اگر صرف چمکا یا اُبھرا اور بہا نہیں جیسے سوئی کی نوک یا چاقو کا کنارہ لگ جاتا ہے اور خون اُبھر یا چمک جاتا ہے یا خِلال کیا یا مِسواک کی یااُنگلی سے دانت مانجھے یا دانت سے کوئی چیز کاٹی اس پر خون کا اثر پایایاناک میں اُنگلی ڈالی اس پر خون کی سُرخی آگئی مگر وہ خون بہنے کے قابل نہ تھا تووُضو نہیں ٹوٹا۔ — زخم سے خون وغیرہ نکلتا رہا اور یہ بار بار پونچھتا رہا کہ بہنے کی نوبت نہ آئی تو غور کرے کہ اگر نہ پونچھتا تو، بہہ جاتا یا نہیں اگر بہہ جاتا تو وُضو ٹوٹ گیا ورنہ نہیں۔”

(بہارِشریعت،جلد1،حصہ2، صفحہ304،305، مکتبۃ المدینہ)

مزیدفرماتےہیں:”نَجاستِ غلیظہ کا حکم یہ ہے کہ اگر کپڑے یا بدن میں ایک درہم سے زِیادہ لگ جائے ،تو اس کا پاک کرنا فرض ہے، بے پاک کیے نماز پڑھ لی تو ہو گی ہی نہیں اور قصداً پڑھی تو گناہ بھی ہوا اور اگر بہ نیتِ اِستِخفاف ہے تو کفر ہوا اور اگر درہم کے برابر ہے تو پاک کرنا واجب ہے کہ بے پاک کیے نماز پڑھی تو مکروہ تحریمی ہوئی یعنی ایسی نماز کا اِعادہ واجب ہے اور قصداً پڑھی تو گنہگار بھی ہوا اور اگر درہم سے کم ہے تو پاک کرنا سنّت ہے، کہ بے پاک کیے نماز ہوگئی مگر خلافِ سنّت ہوئی اور اس کا اِعادہ بہتر ہے۔”

(بہار شریعت، ج1، حصہ 2، ص389، مکتبۃ المدینہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

5 ربیع الآخر 7144 ھ/ 29 ستمبر 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں