حلال جانوروں کے حرام اجزا کا کاروبار

حلال جانوروں کے حرام اجزا کا کاروبار

فتویٰ728:

حلال جانوروں کے حرام اجزا ایکسپورٹ کیے جاتے ہیں جیسے حرام مغز، علامت مادہ و نروغیرہ، ان کا کاروبار کرنا اور ایسی جگہ مزدوری کرنا کیسا؟

سائل : شیخ اکرم مدنی

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

حلال جانوروں کے حرام اجزا ایسے شخص کو بیچنا جس کے بارے میں یقینی طور پر معلوم ہو کہ وہ اسے کھائے گا، اسے بیچنانا جائز و گناہ ہے، البتہ جس کے بارے میں یقینی طور پر معلوم نہ ہو یا یہ معلوم ہو کہ جائز استعمال کرے گا اس کو بیچنا جائز ہے۔ جب ان کی خرید و فروخت کے متعلق حکم معلوم ہو گیا تو وہاں مزدوری کرنے کا حکم بھی اسی سے واضح ہو گیا کہ جس صورت میں بیچنا جائز ہے اس صورت میں مزدوری کرنا بھی جائز ہے۔ جد الممتار میں ہے : ” ان الشئى اذا صلح فى حد ذاته بان يستعمل في معصية وفى غيرها ولم يتعين للمعصية فلم يكن بيعه اعانة عليها، لاحتمال ان يستعمل في غير المعصية وانما يتعين ذلك بقصد القاصدين والشك لا يؤثر “ ترجمہ : جب کوئی شے اپنی ذات کے اعتبار سے گناہ اور گناہ کے علاوہ ہر دو طرح کے کام میں استعمال ہو سکتی ہو اور خاص گناہ کے لیے متعین نہ ہو، تو اسے بیچنا گناہ پر مدد کرنا نہیں کہلائے گا، کیونکہ یہ احتمال موجود ہے کہ وہ گناہ کے علاوہ کسی اور جائز کام میں استعمال کرلے۔ کسی چیز کا تعین ارادہ کرنے والوں کے ارادے سے ہوتا ہے ( اور ارادہ معلوم نہیں تو محض شک ہی رہ گیا ) اور شک مؤثر نہیں ہوتا، (یعنی شک پائے جانے کی صورت میں بھی بیچنا جائز ہے۔)

(جدالممتار ، جلد 7 ، صفحہ 76)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله عليه وآله وسلم

ابوالبنات قراز عطاری مدنی

17 محرم الحرام 1445 ھ/ 05 اگست 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں