حج کی استطاعت او ر راحلہ کامطلب
سوال:فقہاء کرام حج کےفرض ہونےکےلئے لفظ استطاعت ذکر کرتے ہیں اس سے کیا مراد ہے اور راحلہ کا معنی کیا ہے اور موجودہ دور میں راحلہ کا مصداق کیا ہے؟
سائل:ممبرفقہی مسائل گروپ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
استطاعت کا مطلب ہے آدمی حج کیلئے جانے،وہاں رہنے،واپس آنے اور اہل و عیال جن کا نفقہ واجب ہے واپس آنے تک ان کے متوسط درجے کے خرچہ کا مالک ہو اور یہ مال حاجت و ضروریات سے زائد ہو تو اس پردیگرشرائط کے پائےجانےکےساتھ حج فرض ہے۔راحلہ کا معنی سواری،اس دور میں جو ذرائع آمد و رفت ہیں وہی مراد ہیں، سواری یا سواری کے خرچ مثلاً کرایہ کا مالک ہو۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:”ومنها القدرة على الزاد والراحلة بطريق الملك أو الإجارة دون الإعارة والإباحة-وتفسير ملك الزاد والراحلة أن يكون له مال فاضل عن حاجته، وهو ما سوى مسكنه ولبسه وخدمه، وأثاث بيته قدر ما يبلغه إلى مكة ذاهبا وجائيا راكبا لا ماشيا وسوى ما يقضي به ديونه ويمسك لنفقة عياله، ومرمة مسكنه ونحوه إلى وقت انصرافه كذا في محيط السرخسي ويعتبر في نفقته ونفقة عياله الوسط من غير تبذير، ولا تقتير كذا في التبيين والعيال من تلزمه نفقته كذا في البحر الرائق -والراحلة تعتبر في حق كل إنسان ما يبلغه”
(الفتاوی الہندیۃ، کتاب المناسک، الباب الأول في تفسیر الحج و فرضیتہ،جلد1، صفحہ217،دارالفکربیروت)
بہارشریعت میں ہے:”سفرخرچ اور سواری پر قادر ہونے کے یہ معنی ہیں کہ یہ چیزیں اُس کی حاجت سے فاضل ہوں یعنی مکان و لباس و خادم اور سواری کا جانور اور پیشہ کے اوزار اور خانہ داری کے سامان اور دَین سے اتنا زائد ہو کہ سواری پر مکہ معظمہ جائے اور وہاں سے سواری پر واپس آئے اور جانے سے واپسی تک عیال کا نفقہ اور مکان کی مرمت کے لیے کافی مال چھوڑجائے اور جانے آنے میں اپنے نفقہ اور گھر اہل وعیال کے نفقہ میں قدرِ متوسط کا اعتبار ہے نہ کمی ہو نہ اِسراف۔ عیال سے مراد وہ لوگ ہیں جن کا نفقہ اُس پر واجب ہے، یہ ضروری نہیں کہ آنے کے بعدبھی وہاں اور یہاں کے خرچ کے بعد کچھ باقی بچے۔ سواری سے مراد اس قسم کی سواری ہے جو عرفاً اور عادتاً اُس شخض کے حال کے موافق ہو،مثلاًاگرمتمول(مالدار)آرام پسندہوتواُس کےلیےشقدف(یعنی دو چارپائیاں جو اونٹ کے دونوں طرف لٹکاتے ہیں،ہر ایک میں ایک شخص بیٹھتا ہے)درکار ہوگا۔ یوہیں توشہ میں اُس کے مناسب غذائیں چاہیے، معمولی کھانا میسر آنا فرض ہونے کے لیے کافی نہیں، جب کہ وہ اچھی غذا کا عادی ہے۔”
(بہارشریعت،جلد1،حصہ6،صفحہ1039-1040،مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
4 ذوالحج 7144 ھ/ 21 مئی 6202 ء