حالت حیض میں دی گئی طلاق کے عدم وقوع کے دعوے کا جائزہ
سوال: ایک غیر مقلد نے پوسٹ کی کہ حالت حیض میں دی گئی طلاق واقع نہیں ہوتی، کیونکہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے اپنی بیوی کو حیض میں طلاق دی، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ طلاق شمار نہیں فرمائی۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ حالت حیض میں بیوی کو طلاق دینا شرعا ممنوع ہے، لیکن اگر کوئی شخص اس حالت میں طلاق دے دے تو طلاق واقع ہوجاتی ہے۔ رہا غیر مقلد کا یہ دعوی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی حالت حیض میں دی گئی طلاق کو شمار نہیں فرمایا، تو یہ دعوی احادیث مبارکہ کے خلاف اور دلائل شرعیہ سے ناواقفیت کا نتیجہ ہے۔ صحیح احادیث میں اس واقعے کی تفصیلات موجود ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی حالت حیض دی گئی طلاق کو شمار فرمایا تھا۔
سنن الدار قطنی میں ہے: “فقال عمر یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم افتحتسب بتلک التطلیقۃ قال نعم۔” (سنن الدار قطنی، کتاب الطلاق، جلد5، صفحہ10، روایت3893، مطبوعہ مؤسسۃ الرسالۃ)
اسی میں ہے: “وکان عبد اللہ طلقھا تطلیقۃ فحسب من طلاقھا وراجع عبد اللہ کما امرہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔”(سنن الدار قطنی، کتاب الطلاق، جلد5، صفحہ12، روایت3896، مطبوعہ مؤسسۃ الرسالۃ)
اسی میں ہے: “عن ابن عمر ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال ھی واحدۃ۔” (سنن الدار قطنی، کتاب الطلاق، جلد5، صفحہ19، روایت3915، مطبوعہ مؤسسۃ الرسالۃ)
اسی میں ہے: “فانہ طلق حائضا فسأل عمر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فقال قل لہ فلیراجعھا فاذاحاضت ثم طھرت فان شاء طلق وان شاء امسک قلت اعتددت بتلک التطلیقۃ؟ قال نعم۔”(سنن الدار قطنی، کتاب الطلاق، جلد5، صفحہ20، روایت3916، مطبوعہ مؤسسۃ الرسالۃ)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
7 جمادی الاولی 1448ھ 19 اکتوبر 2026ء