جنازہ میں سورہ فاتحہ پڑھنا
سوال:کیانماز جنازہ میں سورہ فاتحہ پڑھناضروری ہے،جیساکہ بخاری کی حدیث میں ہے؟
سائل:عمرحسن
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
نماز جنازہ میں تلاوت کی نیت سے نہیں پڑھ سکتے،ہاں دُعاکی نیتسے پڑھ سکتےہیں۔تو ممکن ہے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نےبنیت دعاوثناپڑھی ہو۔ کیونکہ صحابہ کرام علیہم الرضوان جنازہ میں قراءت و تلاوت سے منع کرتےتھے۔
حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ فرماتےہیں:”اس(بخاری کی حدیث)سے ہرگز یہ ثابت نہیں ہوتا کہ حضرت عبداﷲ ابن عباس نے نماز جنازہ کے اندر سورۂ فاتحہ پڑھی بلکہ نماز جنازہ کے بعدمیت کو ایصال ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ پڑھی کیونکہ یہاں صَلَّیْتُ کے بعد فَقَرَءَ ہے ف تعقیبیہ سے معلوم ہورہا ہے کہ یہ قرأت نماز کے بعدتھی جیسے”فَاِذَا طَعِمْتُمْ فَانۡتَشِرُوۡا “۔ آپ نے یہ نہ فرمایا کہ سنت رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم ہے بلکہ سنت لغوی فرمایا،یعنی یہ بھی ایک طریقہ ہے کہ بجائے اور ثناء اور دعاء کے یہ پڑھ لی جائے۔احناف بھی کہتے ہیں کہ بہ نیت ثناءیا دعا الحمد پڑھناجائز ہے،بہ نیت تلاوت منع۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہیں ثابت نہیں ہوا کہ آپ نے جنازہ میں سورۂ فاتحہ پڑھی ہو۔صحابہ کرام بھی جنازہ میں فاتحہ کی تلاوت نہ کرتے تھے۔چنانچہ مؤطا میں عن مالك عن نافع ہے کہ سیدناعبداﷲ ابن عمر نماز جنازہ میں تلاوت قطعًا نہیں کرتے تھے، اسی مؤطا امام مالک میں ہے کہ کسی نے حضرت ابوہریرہ سے پوچھاکہ نماز جنازہ کیسے پڑھی جائے تو آپ نے فرمایا کہ جب جنازہ رکھا جائے تو پہلے تکبیر کہو اور خدا کی حمد کرو،پھر درود شریف پڑھو،پھر یہ دعا پڑھو”اللّٰھُمَّ عَبْدُكَ “الخ۔بہرحال اس حدیث سے نماز جنازہ میں تلاوت فاتحہ پر دلیل پکڑنا بالکل باطل ہے،مذہب احناف نہایت قوی ہے۔عینی شرح بخاری میں اس جگہ ہے کہ حضرت عمر وعلی وابن عمر،ابوہریرہ صحابہ اور عطاء طاؤس،سعدابن مسیب،ابن سیرین،سعد ابن جبیر،شعبی اور مجاہد وغیرہ تابعین جنازہ میں فاتحہ کو منع کرتے تھے۔”(مرآۃ المناجیح، باب المشی بالجنازۃ -،فصل اول،ج2،ص463،قادری پبلشرز،ملتقطاً)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
محمدشاہدحمیدقادری
1 شعبان 6144 ھ/31 جنوری 5202 ء