ایک گائے میں تین افراد کی شرکت
فتویٰ583:
ایک گائے میں تین افراد شریک ہو سکتے ہیں یا سات پورے کرنے ہوں گے ؟
سائل : نعمان
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
بڑے جانور کی قربانی میں زیادہ سے زیادہ سات افراد شریک ہو سکتے ہیں اور کمی کی جانب کوئی حد مقرر نہیں یعنی سات سے کم افراد بھی شریک ہوں تو جائز ہے، اس مسئلہ میں قاعدہ یہ ہے کہ کسی بھی شریک کا حصہ ساتویں حصے سے کم نہ ہو لہذ ا سات سے کم افراد کی شرکت کی صورت میں کسی کا حصہ ساتویں حصے سے کم نہیں ہو گا لہذا قربانی درست ہے۔ درمختار میں ہے : ” ولو لاحدهم اقل من سبع لم يجز عن احد و تجزى عما دون سبعة بالاولى “ ترجمہ: اور اگر (بڑے جانور جیسے اونٹ اور گائے میں) کسی ایک کا حصہ ساتویں حصے سے کم ہو تو کسی کی قربانی جائز نہیں اور اگر شریک سات سے کم ہیں تو بدرجہ اولی قربانی جائز ہے۔
(در مختار، صفحه 645)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
24 ذو القعد ہ1444ھ/14 جون 2023ء