“ان ابی واباک فی النار” حدیث کا جواب

“ان ابی واباک فی النار” حدیث کا جواب

سوال:اس حدیث”ان ابی واباک فی النار” بے شک میرا باپ اور تمہارا باپ جہنم میں ہیں۔” کی وضاحت فرمادیں ؟

سائل:معین اختر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اس حدیث کے علماء و محدثین نے کئی جواب دیے ہیں ایک یہ کہ یہ حدیث دیگر آیات و احادیث سے منسوخ ہے جن میں فرمایا گیا کہ جنہیں کسی رسول کی دعوت ہی نہیں پہنچی وہ اہل فترت میں سے ہیں ان سے مؤاخذہ نہیں ہو گااور حضور علیہ السلام کے والدین اہل فترت میں سے ہیں۔ دوسرا یہ کہ آپ علیہ الصلٰوۃ والسلام کے والدین کریمین موحد یعنی اہل توحید میں سے ہیں کہ وہ اللّٰہ پاک وحدہ لاشریک کے ایک ہونے پر ایمان رکھتے تھے لہذا ان کے لئے توحید کا اقرار ہی کافی ہے۔ تیسرا یہ کہ اس حدیث میں لفظ”اب” سے مراد چچا ہےجو ایمان نہ لایا اس کی بات ہو رہی ہے اب لفظ کا چچا کیلئے استعمال قرآن کریم اور لغت عرب میں موجود ہے۔چوتھا جواب یہ کہ آپ علیہ السلام کے والدین کو زندہ کیا گیا اور وہ آپ پر ایمان لے آئے،رضی اللہ تعالی عنہما۔

شرح زرقانی میں ہے:”إن أبي وأباك في النار. فهذا صريح في رد حديث الإحياء، وكلام الرازي ومن قال إنهما أهل فترة لم تبلغهما دعوة، والجواب: أنه منسوخ بالآيات والأحاديث الواردة في أهل الفترة وأراد بأبيه عمه أبا طالب؛ لأن العرب تسمي العم أبا حقيقة، ولأنه رباه والعرب تسمي المربي أبا، أو أنه خبر آحاد فلا يعارض القاطع وهو نص: {وما كنا معذبين حتى نبعث رسولا} [الإسراء: ١٥] “

(شرح زرقانی، جلد1،ص 336،دارالکتب العلمیہ بیروت)

امام ابن حجر مکی کی کتاب”افضل القری لقراءام القری،شعر16،ج1ص151،کےحوالے سے فتاوی رضویہ میں ہے:”—قال تعالی وَ تَقَلُّبَکَ فِی السّٰجِدِیۡنَ علی احد التفاسیر فیہ ان المراد تنقل نورہ من ساجد الی ساجد،-بل فی حدیث صححہ غیرواحدمن الحفاظ ولم یلتفتوا لمن طعن فیہ،ان اللہ تعالی احیاھما فامنابہ” — یعنی حضور کے جس قدر اباء وامھات آدم وحوا ء علیہما الصلوۃ والسلام تک ہیں ان میں کوئی کافر نہ تھا کہ کافر کو پسند یدہ یا کریم یا پاک نہیں کہا جا سکتا اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے آباء وامھات کی نسبت حدیثوں میں تصریح فرمائی گئی کہ وہ سب پسندیدہ بارگاہ الہی ہیں ،آباء سب کرام ،مائیں سب پا کیزہ ہیں، اورآیہ کریمہ:وَ تَقَلُّبَکَ فِی السّٰجِدِیۡنَ (اورنمازیوں میں تمہارےدورے کو)،کی بھی ایک تفسیر یہی ہے کہ نبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کا نورایک ساجد(سجدہ کرنےوالے، نمازی)سے دوسرے ساجد کی طرف منتقل ہوتا آیا تو اب اس سے صاف ثابت ہے کہ حضور کے والدین حضرت آمنہ وحضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالی عنہما اہل جنت ہیں – ،یہی قول حق ہے بلکہ ایک حدیث میں جسے متعدد حافظان حدیث نے صحیح کہا اور اس میں طعن کرنے والے کی بات کو قابل التفات نہ جانا ،تصریح ہے کہ اللہ عزوجل نے والدین کریمین رضی اللہ تعالی عنہما کو حضور اقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے لئے زندہ فرمایا یہاں تک کہ وہ حضور پر ایمان لائے۔

(فتاوی رضویہ،ج30،ص286-287،رضافاؤنڈیشن لاہور)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

14 محرم الحرام 8144ھ/30 جون 6202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں