امام ابومنصورماتریدی کاتعارف
سوال:ہم اہلسنت عقائد میں امام ماتریدی کی تقلید کرتے ہیں مگر کیاوجہ ہے ان کا ذکر نہیں ہوتا جیسے فقہ کے امام ابوحنیفہ علیہ الرحمتہ کاذکر خیر ہوتاہےاسی لئے عام لوگ ان سے واقف نہیں،ان کاتعارف بھی بیان فرمادیں؟
سائل:محمدعمیس رضا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
امام ابومنصور ماتریدی رحمہ اللّٰہ نے اپنے دور میں قرآن و سنت کی روشنی میں عقائد مسلمین کی رہنمائی کی خدمات سر انجام دیں۔ احناف فروعی عقائد میں انہیں کی پیروی کرتے ہیں ،اور ان کی نسبت سے ماتریدی کہلاتےہیں۔کسی شخصیت کا تذکرہ نہ ہونا عدم شخصیت کو لازم نہیں۔بہرحال عقائد وکلام کی کتب میں ان کاذکر ہوتا ہے ،اور علماء کرام کی صحبت میں بیٹھنےوالے ان کاذکر خیر سنتے رہتےہیں۔
صدرالشریعہ،بدرالطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ ارشاد فرماتے ہیں:”دونوں جماعتیں (اشعریہ،ماتریدیہ)اہل سنت ہی کی ہیں اور دونوں حق پر ہیں آپس میں صرف بعض فروع کا اختلاف ہے، ان کا اختلاف حنفی ،شافعی کا ساہے کہ دونوں اہل حق ہیں کوئی کسی کی تذلیل و تفسیق نہیں کرسکتا ۔” (بہار شریعت،جلد1،صفحہ179-180،مکتبۃ المدینہ)
حاشیۂ بہارشریعت میں ہے:”۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا نام ابو منصور محمد بن محمد بن محمود ماتریدی سمرقندی حنفی ہے آپ رحمۃ اللہ علیہ ” امام المتکلمین” اور ”امام الھدی” کے لقب سے مشہور ہیں ، آپ رحمۃ اللہ علیہ نے عقائدِ مسلمین کی وضاحت اور باطل عقیدہ والوں کی تردید میں کئی کتب تصنیف فرمائی جن میں سے بعض کتابوں کے نام یہ ہیں : ” کتاب التوحید”، ”کتاب المقالات” ، ” کتاب ردّ دلائل الکعبی” اور ”کتاب تاویلات القرآن” ، آپ رحمۃ اللہ علیہ اور آپ کے ساتھیوں کو ”سمرقند”کے ایک محلہ ”ماتُرید” کی طرف نسبت کی وجہ سے ”ماتریدی” کہا جاتا ہے، آپ رحمۃ اللہ علیہ کا وصال ۳۳۳ ہجری میں ہوا ، آپ رحمۃ اللہ علیہ کا مزار سمرقند میں ہے۔ الفوائد البھیۃ ، ص ۲۵۵ ، ہدیۃ العارفین، ج۲، ۳۶۔۳۷، معجم المؤلفین ، ج ۳ ، ص ۶۹۲۔”
(حاشیہ بہار شریعت،جلد1،حصہ اول،صفحہ179،مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
7 محرم الحرام 8144ھ/23 جون 6202 ء