کسی مسلمان کو کافر کہنے کا حکم

کسی مسلمان کو کافر کہنے کا حکم

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ کسی مسلمان کو کہنا کہ یہ بڑا کافر ہے مراد یہ ہوتی ہے کہ یہ بڑا خراب ہے اس بارے میں شرعی حکم کیا ہے ؟

User ID:علی اکبر

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ اس کی دو صورتیں ہیں اگر مسلمان جانتے ہوئے ایسا کہا تو ناجائز و حرام ہے البتہ یہ کفر نہیں اور اگر مسلمان کو کافر جانتے ہوئے کافر کہا تو یہ کفر ہے کہ اس میں دین اسلام کو کفر جاننا ہوا جو کہ کفر ہے۔ درمختار میں ہے:(وَعُزِّرَ) الشَّاتِمُ (بِيَا كَافِرُ) وَهَلْ يَكْفُرُ إنْ اعْتَقَدَ الْمُسْلِمَ كَافِرًا؟ نَعَمْ وَإِلَّا لَا بِهِ يُفْتَى شَرْحُ وَهْبَانِيَّةٍ، ترجمہ: اور اے کافر کہہ کر گالی دینے والے کو تعزیر ہو گی اور کیا وہ کافر ہو گا اگر وہ مسلمان کو کافر مانے؟ تو ہاں ورنہ نہیں۔ شرح وہبانیہ میں اسی پر فتویٰ ہے ۔اس کے تحت شامی میں ہے:الْمُخْتَارُ لِلْفَتْوَى أَنَّهُ إنْ أَرَادَ الشَّتْمَ وَلَا يَعْتَقِدُهُ كُفْرًا لَا يَكْفُرُ وَإِنْ اعْتَقَدَهُ كُفْرًا فَخَاطَبَهُ بِهَذَا بِنَاءً عَلَى اعْتِقَادِهِ أَنَّهُ كَافِرٌ يَكْفُرُ؛ لِأَنَّهُ لَمَّا اعْتَقَدَ الْمُسْلِمَ كَافِرًا فَقَدْ اعْتَقَدَ دِينَ الْإِسْلَامِ كُفْرًا. ترجمہ: فتوی کے لیے مختار یہ ہے کہ اگر وہ اس سے گالی مراد کے اور وہ اسے کافر نہ سمجھتا ہو تو کافر نہیں ہو گا اور اگر وہ مسلمان کو کافر سمجھے تو کافر کو جائے گا کیونکہ جب اس نے مسلمان کو کافر مانا تو اس نے دین اسلام کو کفر مانا ۔

( الدر المختار وحاشية ابن عابدين،کتاب الحدود ،باب التعزیر،مطلب:فی الجرح المجرد،جلد4،صفحہ69، دارالفکر،بیروت)

صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: کسی مسلمان کو کافرکہا تو تعزیر ہے رہا یہ کہ وہ قائل خود کافر ہو گا یا نہیں اس میں دو صورتیں ہیں اگر اوسے(اسے) مسلمان جانتا ہے تو کافر نہ ہوا۔ اور اگر اوسے(اسے) کافر اعتقاد کرتا ہے تو خود کافر ہے کہ مسلمان کو کافر جاننا دین اسلام کو کفر جاننا ہے اور دین اسلام کو کفر جاننا کفر ہے۔ ہاں اگر اوس(اس) شخص میں کوئی ایسی بات پائی جاتی ہے جس کی بنا پر تکفیر ہو سکے(کافر ہونے کا حکم لگ سکتاہو) اور اوس(اس) نے اسے کافر کہا اور کافر جانا تو کافر نہ ہوگا۔

(بہارشریعت،جلد2،حصہ9،صفحہ411،مکتبۃالمدینہ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ

4شعبان المعظم 1445ھ/ 15فروری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں