یزید پلید کا انجام

سوال:یزید کو کس نے مارا تھا اس کے مرنے کے متعلق تفصیل سے بتائیں؟

یوزر آئی ڈی:حافظ طالب خان قادری

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

یزید کی موت کے دو طرح کے اسباب بیان کیے جاتے ہیں ایک یہ کہ یزید ایک موذی بیماری میں مبتلاء ہو کر تڑپ تڑپ کر مرا دوسرا یہ کہ وہ ایک لڑکی کے عشق میں مبتلاء ہوا اسی نے اسے ایک مقام پر بلا کر قتل کر ڈالااور اسکی لاش چیل کووں کی خوراک بنا۔تاریخ کربلا میں ہے:واقعہ ٔکربلا کے کچھ ہی دنوں کے بعد یزید ایک ہلاکت خیز اور انتہائی مُوذِی مَرَض میں مبُتلا ہوا، پیٹ کے دَرْد اورآنتوں کے زَخْموں کی ٹِیس (یعنی تکلیف)سے ماہیِ بے آب(یعنی جس طرح مچھلی پانی کے بغیر تڑپتی ہے) کی طرح تڑپتا رہتا تھا ، مَوت سے کچھ دن پہلے یزید کی آنتیں سڑ گئیں اور اُس میں کیڑے پڑ گئے، تکلیف کی شِدّت سے خِنزیر کی طرح چیختا تھا ،پانی کا قَطرہ حَلْق سے نیچے اُترنے کے بعد نِشْتَر کی طرح چبھنے لگتا تھا ، عجیب قَہْر ِالٰہی کی مارتھی ،پانی کے بغیر بھی تڑپتا تھا اور پانی پاکر بھی چیختا تھا ،با لآخر اِسی دَرْد کی شِدّت سے تڑپ تڑپ کر اُس کی جان نکلی، لاش میں ایسی ہولناک بدبُو تھی کہ قریب جانا مشکل تھا، جیسے تیسے اُس کو سِپُردِ خاک کِیا گیا۔

(تاریخ کربلا،صفحہ345،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

امام حسین کی کرامات رسالے میں ہے: یزید پلید کی مَوت کا ایک سَبَب یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک رُومیُّ النَّسْل لڑکی کے عشق میں گرفتار ہوگیا تھا، مگر وہ لڑکی اندرونی طور پر اُس سے نفرت کرتی تھی ، ایک دن رنگ رلیاں مَنانے کے بہانے اُس نے یزید کو دُور ویرانےمیں تنہا بُلایا، وہاں کی ٹھنڈی ہواؤں نے یزید کو بَدمَسْت کردِیا، اُس دوشیزہ نے یہ کہتے ہوئے کہ جو بے غیرت و نابَکار (یعنی نِکَمّا) اپنے نبی کے نواسے کا غَدّار ہووہ میرا کب وفادارہو سکتا ہے ، خنجرِ آبدار (تیز دھار)کے پے در پے وار کرکے چِیْر پھاڑ کر اُس کو وہیں پھینک دِیا ۔ چند روز تک اُس کی لاش چِیْل کوّوں کی دعوت میں رہی ۔ بالآخر ڈُھونڈتے ہوئےاُس کے اَہالی مَوالی (یعنی نوکر چاکر)وہاں پہنچے اور گڑھا کھود کر اُس کی سڑی ہوئی لاش کو وہیں داب(دَفنا) آئے۔

(امام حسین کی کرامات،صفحہ47،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

25محرم الحرام1445ھ/10 اگست 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں