سوال:کیا ہر فرض نماز کے بعد سجدہ شکر کرنا جائز ہے؟
یوزر آئی ڈی:تلاش گمشدہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
فجر و عصر کی نماز کے بعد سجدہ شکر کرنا مکروہ تحریمی و گناہ ہے بقیہ نمازوں کے بعد سجدہ شکر کرنے میں حرج نہیں کیونکہ قاعدہ ہے کہ جن اوقات میں نفل پڑھنا مکروہ ہے ان اوقات میں سجدہ شکر کرنا بھی مکروہ ہے اور فجر و عصر کے بعد نوافل پڑھنا مکروہ ہیں لہذا ان نمازوں کے بعد سجدہ شکر بھی مکروہ تحریمی ہے۔ علامہ ابن عابدین شامی رحمۃ اللہ علیہ قنیہ کے حوالہ سے سجدہ شکر کے متعلق فرماتے ہیں: یکرہ ان یسجد شکرا بعد الصلاۃ فی الوقت الذی یکرہ فیہ النفل ولایکرہ فی غیرہ ترجمہ:نماز کے بعد سجدہ شکر کرنا مکروہ ہے اس وقت میں جس میں نفل نماز پڑھنا مکروہ ہے اس کے علاوہ میں مکروہ نہیں۔
(رد المحتار علی الدر المختار ،جلد2،صفحہ38، مطبوعہ، کوئٹہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
21شوال المکرم1444ھ/11مئی2023 ء