سوال:کھانا کتنی انگلیوں سے کھانا چاہیے؟
یوزر آئی ڈی:محمد شان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
تین انگلیوں سے کھانا کھانا چاہیے کہ تین انگلیوں سے کھانا ، کھانا نبی کریم ﷺ سے ثابت ہے اور یہ انبیاء کرام علیھم السلام کا طریقہ ہے۔ ابن النجار نے ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ حضور ﷺنے فرمایا: ’’تین انگلیوں سے کھانا انبیا علیہم السلام کا طریقہ ہے۔‘‘
(… ’’ الجامع الصغیر ‘‘ للسیوطي، الحدیث: ۳۰۷۴ ،ص ۱۸۴۔ )
حکیم نے ابن عباس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما سے روایت کی، کہ حضورﷺ نے فرمایا: ’’تین انگلیوں سے کھاؤ کہ یہ سنت ہے اور پانچوں انگلیوں سے نہ کھاؤ کہ یہ اعراب (گنواروں ) کا طریقہ ہے۔‘‘
(’’ کنزالعمال ‘‘ ،کتاب المعیشۃ ۔۔۔ إلخ، رقم: ۴۰۸۷۲ ،ج ۱۵ ،ص ۱۱۵۔)
صحیح مسلم میں کعب بن مالک رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے مروی کہ رسول اﷲ ﷺ تین انگلیوں سے کھانا تناول فرماتے اور پونچھنے سے پہلے ہاتھ چاٹ لیتے۔
(’’ صحیح مسلم ‘‘ ،کتاب الأشربۃ،باب استحباب لعق الاصابع ۔۔۔ إلخ، الحدیث: ۱۳۲۔(۲۰۳۲) ،ص ۱۱۲۲۔)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
1 محرم الحرام1444ھ/20جولائی 2023 ء